ملتان: شیر شاہ پل کے قریب رحمان بابا ٹرین کی تمام بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 5 مسافر جاں بحق، متعدد زخمی
ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب رحمان بابا ٹرین کی تمام بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے میں 5 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد مسافر زخمی ہوگئے۔
ٹرین کراچی سے پشاور جا رہی تھی کہ ملتان میں شیر شاہ پل کے قریب ٹرین کی تمام 15 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹرین کی رفتار تیز تھی، جس کی وجہ سے تمام بوگیاں الٹ گئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین حادثے میں 5 مسافر جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے ہیں۔حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا گیا ہے۔حادثے کے بعد متاثرہ مسافر اپنے سامان کے ساتھ پٹری کے کنارے بیٹھے ہیں۔
مسافر نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رحمان بابا ایکسپریس کا حادثہ صبح سوا 5 بجے پیش آیا۔ روہڑی کے قریب بوگی نمبر 9 کے نٹ بولٹ درست کیے گئے تھے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ملتان میں رحمان بابا ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے میں زخمی ہونے والے افراد سے اظہارِ افسوس کیا ہے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔