لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے زیر اہتمام منعقدہ گیارہویں کانووکیشن کی تقریب میں 87ایم بی بی ایس گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم
لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے زیر اہتمام منعقدہ گیارہویں کانووکیشن کی تقریب میں 87ایم بی بی ایس گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم
آپ کی اولین ذمہ داری اپنے ملک اور والدین کے لیے ہے،وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن
زندگی کی اصل کامیابی دوسروں کی مدد اور خدمت کرنے میں ہے، میڈیکل ڈائریکٹر LNH پروفیسر ڈاکٹر سلمان فریدی
کراچی : ( indus icon ) لیاقت نیشنل میڈیکل کالج (LNMC) کی گیارہویں کانووکیشن تقریب لیاقت نیشنل اسپتال کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی، جس میں سال 2025 کے فارغ التحصیل طلبہ کو اعزازات اور ڈگریاں تفویض کی گئیں۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن تھے، جبکہ سینئر فیکلٹی اراکین اور فارغ التحصیل طلبہ کے والدین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے 87 ایم بی بی ایس گریجویٹس میں ڈگریاں تقسیم کیں۔ ڈاکٹر فرحانہ ریاض نے پہلی، ڈاکٹر علینہ کرم نے دوسری جبکہ ڈاکٹر علیان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ڈگریوں کی تقسیم کے بعد طلبہ سے حلف لیا گیا، جس میں انہوں نے طبی اخلاقیات اور مریضوں کی بہترین نگہداشت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ غیر معمولی تعلیمی کارکردگی دکھانے والے طلبہ کو میڈلز اور میرٹ ایوارڈز سے نوازا گیا۔ بہترین گریجویٹ کے لیے ’’واجد علی شاہ میڈل‘‘ ڈاکٹر علیان کو دیا گیا، جبکہ ’’پروفیسر امیر علی شورو میڈل‘‘ ڈاکٹر عشرت غنی کے نام رہا۔ بہترین مرد گریجویٹ کے لیے ’’ایم ڈی میڈل‘‘ ڈاکٹر محمد نہیل خلیلی کو دیا گیا، جبکہ بہترین خاتون گریجویٹ کے لیے ’’پرنسپل میڈل‘‘ ڈاکٹر اسوہ عمران کو دیا گیا۔’’بیسٹ المنائی ایوارڈ‘‘ ڈاکٹر سید اجلال احمد کو پیش کیا گیا، جنہوں نے 2016ء میں لیاقت نیشنل اسپتال سے گریجویشن مکمل کی اور اس وقت امریکا میں سینٹ فرانسس ہیلتھ کیئر سسٹم میں کنسلٹنٹ نیورولوجسٹ اور فزیشن سائنٹسٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔اپنے خطبۂ استقبالیہ میں لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر کریم اللہ مکی نے گریجویٹس اور ان کے والدین کو اس اہم کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور 99 فیصد کامیابی حاصل کرنے والی گریجویٹنگ کلاس پر فخر کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایل این ایم سی کے فارغ التحصیل ڈاکٹرز پاکستان اور بیرونِ ملک مختلف شعبوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لیاقت نیشنل میڈیکل کالج کو متعدد بین الاقوامی طبی ریگولیٹری اداروں سے منظوری حاصل ہے اور اسے ایسوسی ایشن آف امریکن میڈیکل کالجز کے ’’وزٹنگ اسٹوڈنٹس لرننگ اپرچونٹیز (VSLO)‘‘ پروگرام کے تحت ’’ہوسٹ‘‘ اور ’’ہوم‘‘ انسٹیٹیوشن کے طور پر بھی تسلیم کیا گیا ہے۔انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹلائزیشن کے اس دور میں وہ اپنی حاصل کردہ مہارتوں، خصوصاً انٹرویو اور کلینیکل تشخیص کی صلاحیتوں کو ہرگز فراموش نہ کریں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیاقت نیشنل اسپتال اینڈ میڈیکل کالج کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سلمان فریدی نے گریجویٹس کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ’’ٹیکنالوجی بیماری کا علاج تو کرسکتی ہے، مگر مریض کی حقیقی دیکھ بھال صرف ایک انسان ہی کرسکتا ہے۔‘‘ نئی معلومات حاصل کرنے کا جذبہ، ذاتی فلاح و بہبود، صحت کے شعبے میں درستگی اور عاجزی کامیاب زندگی کے بنیادی ستون ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زندگی کی اصل کامیابی دوسروں کی مدد اور خدمت میں ہے، نہ کہ صرف مادی چیزوں کے حصول میں۔ انہوں نے نوجوان ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ ذاتی کامیابیوں سے آگے بڑھ کر قوم کی خدمت اور معاشرے کی ضروریات پوری کرنے کو اپنا مقصد بنائیں۔ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے گریجویٹس اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ عالمی سیاسی صورتحال کے پیشِ نظر طلبہ کو پوسٹ گریجویشن کے لیے اپنے مواقع کھلے رکھنے چاہئیں۔ یہی جذبہ پیشہ ورانہ کامیابی کی بنیاد بنے گا۔ انہوں نے طلبہ کو یاد دلایا کہ ’’آپ کی اولین ذمہ داری اپنے ملک اور اپنے والدین کے لیے ہے۔‘‘