دوسرا ون ڈے: پاکستان نے بنگلادیش کو جیت کیلئے 275 رنز کا ہدف دے دیا
دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 275 رنز کا ہدف دے دیا۔
شاہین شاہ آفریدی کی کپتانی میں کھیلا جانے والا یہ میچ میرپور میں ہورہا ہے جہاں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی فائنل الیون میں صاحبزادہ فرحان،معاذ صداقت،شامل حسین،محمد رضوان،سلمان علی آغا، حسین طلعت،عبدالصمد،فہیم اشرف،شاہین آفریدی ، حارث رؤف اور محمد وسیم شامل ہیں۔
پاکستان کی اننگز
پاکستانی ٹیم بنگلادیش کے خلاف اننگز کے 48 ویں اوور میں 274 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
نوجوان معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 46 گیندوں پر 75رنز بنائے، اُن کی اننگز میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
سلمان علی آغا نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 64 ر نز کی اننگز کھیلی، محمد رضوان 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 31 اور فہیم اشرف نے 14 رنز اسکور کیے۔
بنگلادیش کے رشاد حسین نے 3 اور مہدی حسن میراز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بنگلادیش کی اننگز
275 رنز ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش نے 3 وکٹ پر 27 رنز بنالیے۔
تاہم ڈھاکا میں خراب موسم کے باعث پاکستان اور بنگلادیش کےدرمیان دوسرا ون ڈے میچ روک دیا گیا۔
واضح رہے کہ 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو عبرتناک شکست دی تھی۔
بنگلادیش نے یہ میچ 8 وکٹوں سے اپنے نام کیا اور سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی۔