ستارۂ خدمت یافتہ محمد سعید شیخ کے اعزاز میں کراچی پریس کلب میں عشائیہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن (HKSCA) کے صدر محمد سعید شیخ کے اعزاز میں ایک پروقار عشائیہ دیا گیا۔ یہ تقریب انہیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے ستارۂ خدمت سے نوازے جانے کے اعتراف میں منعقد کی گئی۔
تقریب میں صحافیوں، سماجی و کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکرٹری اسلم خان نے محمد سعید شیخ کو اجرک اور سندھی ٹوپی پیش کی۔
اپنے خطاب میں محمد سعید شیخ نے اعزاز کو اپنی ٹیم، تنظیموں اور رضاکاروں کے نام کرتے ہوئے کہا کہ اجتماعی کوششوں کے بغیر یہ کامیابی ممکن نہ تھی۔ مقررین نے کہا کہ محمد سعید شیخ نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان سماجی و ثقافتی روابط کے فروغ اور کمیونٹی سروس میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔