پاکستان اور عمان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، 5 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

Pakistan Oman

پاکستان اور عمان کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق، 5 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا ہے،  دونوں ممالک نے 5 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد البوسعیدی نے 13 اور 14 اکتوبر کو پاکستان کا سرکاری دورہ کیا۔ 

اس دوران عمانی وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے دوطرفہ مذاکرات کیے، وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور پاکستان عمان مشترکہ وزارتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔

اجلاس میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، صنعت، میری ٹائم رابطوں، افرادی قوت، تعلیم اور اطلاعاتی ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے اختتام پر سفارتی، خصوصی، سرکاری اور سروس پاسپورٹس پر ویزا چھوٹ، ریکارڈز اور آرکائیوز، میڈیا، اطلاعاتی ٹیکنالوجی اور خبروں کے تبادلے سے متعلق 5 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

دونوں ممالک نے مشترکہ وزارتی کمیشن کا نواں اجلاس آئندہ سال مسقط میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات میں علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے فلسطین، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر اور افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے عمانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے کے بھارتی فیصلے کو عالمی قانون اور معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ معاہدہ بدستور مؤثر، قابل عمل اور فریقین کے لیے لازم ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق عمانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی مہمان نوازی اور علاقائی امن کے لیے کوششوں کو سراہا اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *