پاکستانی سرجن نے برطانیہ میں سنگل پورٹ روبوٹک گائناکولوجیکل سرجری میں نئی تاریخ رقم کردی
لندن: پاکستانی سرجن نے برطانیہ میں سنگل پورٹ روبوٹک گائناکولوجیکل سرجری میں نئی تاریخ رقم کردی۔
برٹش پاکستانی کنسلٹنٹ گائناکولوجسٹ اور روبوٹک سرجن ڈاکٹر عامر رضا نے برطانیہ میں سنگل پورٹ روبوٹک گائناکولوجیکل سرجری متعارف کرا کر ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔
ڈاکٹر عامر رضا کی قیادت میں روبوٹک سرجری کا پروگرام اب کامیابی سے 400 سے زائد آپریشنز مکمل کر چکا ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے یہ پروگرام برطانیہ میں خواتین کے امراضِ نسواں کے طبی علاج کے طریقۂ کار کو تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
نشتَر میڈیکل کالج، ملتان سے فارغ التحصیل ڈاکٹر عامر رضا اور لندن کے کرام ویل اسپتال میں ان کی ٹیم نے سنگل پورٹ روبوٹک سرجری کو نسبتاً سادہ نوعیت کے غیر سرطانی گائناکولوجیکل آپریشنز سے آگے بڑھا کر اینڈومیٹریوسس کے انتہائی پیچیدہ آپریشنز تک پہنچا دیا ہے، اس طرح یہ پروگرام جدید روبوٹک سرجری، تربیت اور سرجیکل مشاہدے کے ایک اہم بین الاقوامی مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔
روایتی ملٹی پورٹ روبوٹک سرجری کے برعکس جس میں عام طور پر پیٹ پر کئی چیرے لگانے پڑتے ہیں، سنگل پورٹ روبوٹک سرجری میں کیمرہ اور متعدد روبوٹک آلات پیٹ میں بنائے گئے صرف ایک راستے سے داخل ہو کر کام کرتے ہیں۔
ڈاکٹر عامر رضا کو برطانوی میڈیا میں انہیں سنگل پورٹ روبوٹک گائناکولوجیکل سرجری کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر سراہا جارہا ہے۔ وہ آپریشن تھیٹر جہاں ڈاکٹر رضا اور ان کی ٹیم سنگل پورٹ روبوٹک طریقے سے پیچیدہ آپریشنز انجام دیتی ہے، اب بین الاقوامی تربیت اور سرجیکل مشاہدے کا مرکز بھی بن چکا ہے، یہاں برطانیہ اور یورپ کے علاوہ امریکا اور دنیا کے دیگر ممالک سے بھی سرجن آتے ہیں۔