بوسٹن میراتھون: پاکستانیوں کی شاندار کارکردگی، محمد امجد علی تیز ترین پاکستانی رنر رہے
پاکستانی رنرز نے بوسٹن میراتھون 2026 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 13 رنرز نے پیر کو ہونیوالی دنیا کی سب سے باوقار میراتھونز میں سے ایک کو کامیابی سے مکمل کیا۔
کراچی کے محمد امجد علی جو کہ ایک پولیس کانسٹیبل ہیں، پاکستانی شرکاء میں سب سے آگے رہے، امجد نے 2 گھنٹے 42 منٹ 45 سیکنڈ میں ریس مکمل کر کے اس سال کے تیز ترین پاکستانی رنر ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
محمد امجد نے کہا کہ یہ ان کی پہلی ورلڈ میجر میراتھون تھی اور وہ اپنے شاندار ٹائم پر بہت خوش ہیں، ان کے مطابق ٹریک پر چڑھائی اور اترائی کے مراحل تھے جس کی وجہ سے ریس چیلنجنگ رہی تاہم وہ اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں اور تمام سپورٹرز کے شکر گزار ہیں۔
امجد کا کہنا تھا کہ یہ انکی پہلی ورلڈ میجر میراتھن تھی، الحمدللّٰہ وہ بوسٹن میراتھن مکمل کرنے والا تیز ترین پاکستانی بھی بن گئے ہیں ، انہوں نے ان سب لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سفر میں ان کا ساتھ دیا۔
امریکا میں مقیم سید حمزہ نے 2 گھنٹے 51 منٹ اور6 سیکنڈ کے ساتھ دوسری جبکہ نزار نیانی نے 3 گھنٹے 1 منٹ اور 44 سیکنڈ کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
نارویجئن پاکستانی محمد فصیح صالح نے3 گھنٹے 10 منٹ 36سیکنڈ کے ساتھ پرسنل بیسٹ بنایا، برطانوی نژاد شہزادہ حسین اور خاتون رنر بشیری انجم نے بھی نمایاں پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، برطانیہ میں مقیم پاکستانی خاتون رنر ماہین شیخ نے بھی اس دوڑ میں اپنا پرسنل بیسٹ حاصل کیا۔