لاہور اورکراچی کا موازنہ مناسب نہیں،کراچی کو اپنے پاؤں پرکھڑا ہونےکیلئے بہت پیسہ چاہیے: مرتضیٰ وہاب
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہےکہ بارش میں کراچی کی سڑکیں بھی دو سے تین گھنٹوں میں صاف ہو جاتی ہیں، سیاسی کشمکش میں لاہور اور کراچی کا موازنہ کرنا مناسب نہیں، ایک دوسرے کا موازنہ کرنے کے بجائے ہمیں مل کر کام کرنا چاہیے، کراچی کو اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے کے لیے بہت پیسہ چاہیے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے وفد کے ہمراہ لاہور میں واسا ہیڈ آفس کا دورہ کیا ۔ وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کے ہمراہ گفتگو میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہم واسا لاہور کے ساتھ معاہدہ کر رہےہیں، واسا لاہور کی اسٹریٹجی کو اپنائیں گے، دنیا بھر میں شہر ایک دوسرے کے ساتھ اپنے انتظامی تجربات شیئرکرتے ہیں، ہم ایک دوسرے کے تجربات سے اپنے اپنے شہریوں کی خدمت کرسکتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کو کراچی آنے کی دعوت دیتا ہوں، لاہور زندہ دل لوگوں کا ہرا بھرا شہر ہے، زمینی حقائق دیکھتے ہوئے لاہور اورکراچی کاموازنہ کچھ مناسب نہیں،کراچی آئیے اور ہمارے کچھ منصوبے دیکھیے، پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور مسلم لیگ ن مریم نواز کے ویژن پرکام کر رہی ہے، ہم پانی کو صنعتی استعمال میں لانےکے پروجیکٹ پرکام کر رہےہیں، میٹھے پانی کو محفوظ کرکے شہریوں تک پہنچانے کے پراجیکٹ پر بھی کام جاری ہے، واسا لاہور نے ٹیرف بڑھایا ہے ہم نے نہیں بڑھایا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر پنجاب بلال یاسین نےکہا کہ میئرکراچی کےساتھ اپنے تجربات شیئر کرنےکے لیے تیار ہیں، بارش ہویاکوئی اور مسئلہ، واسا کراچی کے ساتھ بھرپور تعاون کرےگا، مرتضیٰ وہاب کراچی کے 3 کروڑ لوگوں کی فلاح کی تڑپ لےکر لاہور آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ایک کمرے میں بیٹھ کر پورے پنجاب کی مانیٹرنگ کرسکتے ہیں، لاہور سمیت پورے صوبے کو سیف سٹی کنٹرول روم سے مانیٹر کیا جاتا ہے۔