آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 39روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025“ کے 34ویں روز ”بین الاقوامی آرٹ نمائش والیم۔6 کا افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی وومن ونگ کی صدر فریال تالپور نے صدر آرٹس کونسل محمد احمدشاہ کے ہمراہ کردیا
نوجوان نسل کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر آرٹس کونسل میں ورلڈ کلچر فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے، صدر پی پی وومن ونگ فریال تالپور
فریال تالپور فن و ثقافت کو فروغ دے رہی ہیں، یہ ایک نہیں بلکہ ایک ساتھ پانچ شعبوں کا فیسٹیول ہے، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ
کراچی (indus icon) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام 39روزہ ”ورلڈ کلچر فیسٹیول 2025“ کے 34ویں روز ”بین الاقوامی آرٹ نمائش والیم۔6 کا انعقاد کیا گیا جس کا افتتاح پاکستان پیپلز پارٹی وومن ونگ کی صدر فریال تالپور نے صدر آرٹس کونسل محمد احمدشاہ کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ ،صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت سعید غنی اور رکن سندھ اسمبلی سہیل انور سیال سمیت آرٹس کونسل کی جوائنٹ سیکریٹری و معروف لکھاری نور الہدیٰ شاہ اور چیئرپرسن وومن امپاورمنٹ کمیٹی چاند گل شاہ بھی شریک تھیں ۔ نمائش میں بین الاقوامی فنکاروں کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔ نمائش میں ملکی و غیر ملکی فنکاروں، طلباءاور فن مصوری سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ نمائش میں King Kesia(بارباڈوس)، Luis M.Santos(موزمبیق)، Victoria Santos(برازیل)، Adrian Bojko(ارجنٹینا)، Mendricka Ratsima(مڈغاسکر)، ببلی برنا، شامبھواچاریہ (بنگلہ دیش)، یاز (کوموروس)، ( Sinenkosi Msomi Eswatini)، Kelechi Nwaneri(نائیجیریا)، Adjaratou Ouedraogo(برکینا فاسو)، Domi Forest(سوئیڈن)، Sofia Maria , Aglaia Perraki ( Greece)، Niharkia Mumtaz , Suborna Morsheada (بنگلہ دیش) جبکہ فرانس کے آرٹسٹ Nasty، شیفومی اور Seth Globepainter کا کام پیش کیاگیا تھا۔ نمائش میں موزمبیق کے آرٹسٹ Luis M Santos ,اور Victoria Santos نے لائیو فن مصوری کے جوہر دکھائے۔ اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی وومن ونگ کی صدر فریال تالپور نے کہاکہ نوجوان نسل کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر فیسٹیول کا انعقاد خوش آئند ہے، یہ ایک زبردست کام ہے، احمد شاہ اور ان کی ٹیم مبارکباد کے حق دار ہیں، یہ احمد شاہ اور آرٹس کونسل کی ایک اچھی کاوش ہے،انہوں نے کہاکہ ہم ایسے فنکار پیدا کرنا چاہئیں جو پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں۔ دنیا بھر سے آئے فنکار بہت خوش ہیں اور فیسٹیول سے لطف اندوز ہورہے ہیں، ہمارے پاس بہت اچھی چیزیں ہورہی ہیں، میں تمام آرٹسٹوں کا شکریہ ادا کرتی ہوں جنہوں نے کراچی کی مہمان نوازی قبول کی۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ ہمارے پاس یہاں تمام آرٹسٹ موجود ہیں، میں فریال تالپور کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ہماری بہن فریال تالپور یہاں آئی ہیں۔فریال تالپور فن و ثقافت کو فروغ دے رہی ہیں، وہ آرٹس کونسل کے ساتھ بہت تعاون کرتی ہیں، احمد شاہ نے بتایا کہ یہ ایک نہیں بلکہ ایک ساتھ پانچ شعبوں کا فیسٹیول ہے، 3500 فلمیں ہمیں ملی جس میں 100 ایوارد یافتہ فلمیں منتخب کیں، ہمارے صوبے کے بچوں کے لیے یہاں ہر فنکار ورکشاپ کرتا ہے، یہ دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا فیسٹیول ہے، یہاں کی ٹیم ، ٹیچرز ، سب اس فیسٹیول میں بہت محنت اور لگن سے کام کررہے ہیں۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں فریال تالپور نے بین الاقوامی فنکاروں کو شیلڈ اور گلدستہ پیش کیے جبکہ وومن امپاورمنٹ کمیٹی کی چیئرپرسن چاند گل شاہ نے محترمہ فریال تالپور کو سندھ کی ثقافتی اجرک کاتحفہ دیا۔