آج سے کراچی ایکسپو سینٹر میں پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کا آغاز، ملائیشیا کی شاندار واپسی متوقع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ایکسپو سینٹر میں آج سے پاکستان ٹریول مارٹ 2026 کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے، جہاں پانچ سال کے وقفے کے بعد ٹورازم ملائیشیا کی شاندار واپسی متوقع ہے۔ تین روزہ بین الاقوامی سیاحتی نمائش 3 سے 5 اپریل تک جاری رہے گی، جس میں دنیا بھر سے سیاحتی ادارے، ماہرین اور ٹریول انڈسٹری سے وابستہ افراد شرکت کریں گے۔
نمائش کا مرکزی موضوع “سیاحت کا مستقبل: جدت، پائیداری اور عالمی روابط” رکھا گیا ہے، جس کے تحت جدید رجحانات، ڈیجیٹل جدت اور پائیدار سیاحت کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس موقع پر ملائیشیا کی جانب سے 8 نمایاں سیاحتی اداروں پر مشتمل وفد بھی شرکت کرے گا، جو پاکستانی ٹریول ایجنٹس اور ٹور آپریٹرز کے ساتھ بزنس ٹو بزنس ملاقاتوں اور نیٹ ورکنگ سیشنز میں حصہ لے گا۔
ٹورازم ملائیشیا کے حکام کے مطابق پاکستان کے ساتھ سیاحتی تعاون کو مزید فروغ دینا ان کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے نہ صرف سیاحتی روابط کو وسعت دی جائے گی بلکہ فضائی سہولیات، پائیدار سیاحت اور نئے شعبہ جات خصوصاً MICE (میٹنگز، انسینٹیوز، کانفرنسز اور نمائشیں) اور تعلیمی سیاحت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
نمائش میں قائم ملائیشیا پویلین میں تفریحی سیاحت، حلال دوستانہ سفری سہولیات اور کاروباری مواقع کو جدید انداز میں پیش کیا جائے گا، جبکہ میڈیا بریفنگز اور آگاہی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستانی سیاحوں کے لیے خصوصی پیکجز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد پاکستانی سیاحوں نے ملائیشیا کا رخ کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے سیاحتی رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ فضائی روابط میں بھی بہتری آئی ہے، جہاں باتک ایئر، ایئر ایشیا X اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی پروازیں پاکستان کو کوالالمپور سے منسلک کر رہی ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ نمائش پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان سیاحتی، تجارتی اور ثقافتی روابط کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔