امریکی صدر جوبائیڈن کورونا میں مبتلا، تمام سیاسی مصروفیات ترک کر دیں
واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن کورونا میں مبتلا ہوگئے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 81 سالہ صدر جو بائیڈن کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے تمام سیاسی مصروفیات ترک کر دیں۔
وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن کو کورونا کی معمولی علامات ہیں اور انہیں کورونا ویکسین لگادی گئی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جوبائیڈن خود ساختہ آئسولیشن میں اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔
بائیڈن لاس ویگاس میں انتخا بی مہم پر تھے جب اعلان کیا گیا کہ ان کا کووڈ ٹیسٹ مثبت آیا ہے، تاہم وہ خطاب نہ کر سکے۔
واضح رہے کہ بائیڈن کا کووڈ ٹیسٹ ایسے وقت مثبت آیا ہے جب ان کی دوبارہ صدارتی امیدوار کی حیثیت سے نامزدگی خطرے میں پڑگئی ہے ۔
پارٹی رہنماؤں کی بڑھتی مخالفت کے سبب ڈیموکریٹ پارٹی نے جو بائیڈن کی بطور دوبارہ صدارتی امیدوار نامزدگی ایک ہفتے کیلئے ملتوی کردی ہے جبکہ دوتہائی ڈیموکریٹس چاہتے ہیں کہ بائیڈن دوبارہ صدارتی امیدوار نہ بنیں۔