آئی ایم ایف، حکومت سے ریئل اسٹیٹ اور زرعی شعبوں پر ٹیکسز عائد کرنیکا پلان مانگ لیا
اسلام آباد: عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے حکومت سے ریئل اسٹیٹ اور زرعی شعبوں میں ٹیکسز عائد کرنے کا پلان مانگ لیا ہے۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا مؤقف ہے کہ پاکستان کے پاس پراپرٹی سیکٹر اور زرعی شعبے سے محصولات بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ پراپرٹی سیکٹر اور زرعی شعبے پر ٹیکس عائد کر کے محصولات میں اضافہ کیا جائے۔
حکومت پاکستان سے یہ پلان آئی ایم ایف نے تین ارب ڈالرز قرض کی منظوری کے ساتھ ہی دوسرے جائزے کے لیے پیش کردہ شرائط کے تحت مانگا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایف بی آر کا پلان آئی ایم ایف نے منظور کر لیا تو منی بجٹ آسکتا ہے لیکن پراپرٹی سیکٹر اور زرعی شعبے پر ٹیکسز عائد کرنے کا فیصلہ نئی حکومت کو کرنا ہو گا۔