غزہ پر اسرائیلی حملوں میں عرب چینل کے نمائندے کا خاندان بھی شہید ہوگیا
مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں عرب چینل الجزیرہ کے بیورو چیف وائل الدحدوح کا خاندان بھی شہید ہوگیا۔
مغربی طاقتوں کی ایما پر اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے۔
فسلطینی وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں اسرائیلی بمباری سے 344 بچوں سمیت 756 فلسطینی شہید ہوئے جس کے بعد شہید فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 546 ہوگئی ہے۔
اسرائیلی بمباری میں الجزیرہ چینل کے غزہ کے بیورو چیف وائل الدحدوح کی بیوی، بیٹا اور ننھی بیٹی شہید ہوگئے جبکہ خاندان کے دیگر افراد بھی شہید ہوئے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق الجزیرہ چینل کے نمائندے کا خاندان النصیریہ کے پناہ گزین کیمپ میں موجود تھا۔
الجزیرہ چینل کے نمائندے کی شہید ننھی بیٹی کو گود میں اٹھائے اسپتال سے نکلنے اور شہید بیٹے کی میت کو دیکھنے کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔