لاہور میں چند گھنٹوں کے دوران 250 ملی میٹر بارش، سڑکیں تالاب بن گئیں
لاہور میں چند گھنٹے کے دوران 250 ملی میٹر کی بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔
پنجاب کے سب سے بڑے شہر میں کل رات سے آج صبح تک جاری رہنے والی بارش نے سڑکوں کو تالاب بنا دیا، نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس سوئمنگ پول میں بدل گيا، کلمہ چوک پر بنا نیا نویلا انڈر پاس بھی پانی میں ڈوب گیا، کئی سڑکوں پر گھٹنوں گھٹنوں پانی آگيا اور گاڑیاں جواب دے گئيں۔
شدید بارش کے باعث شہر میں نظام زندگی معطل ہو گيا، 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر جانے کی وجہ سے بجلی بھی دستیاب نہیں رہی۔
لاہور میں سب سے زيادہ بارش ائیر پورٹ کے علاقے میں 260 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، لکشمی چوک میں 256 ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 254 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اہلکار پانی کی نکاسی میں جت گئے جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق پری مون سون بارشوں کا سلسلہ 30 جون تک جاری رہے گا۔