سمندری طوفان بپر جوائے بپھر گیا، اورماڑہ میں پانی گھروں میں داخل، کراچی میں 100 ملی میٹر بارش متوقع
کوئٹہ: گوادر کے علاقے اورماڑہ میں سمندری طوفان بپر جوائے کے اثرات آنا شروع ہو گئے جبکہ کراچی میں بھی 100 ملی میٹر تک بارش کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اورماڑہ میں سمندری لہریں ساحل کے قریب سڑک تک پہنچ رہی ہیں، اورماڑہ میں سمندری پانی گھروں اور دکانوں میں بھی داخل ہو گیا ہے۔
ادھر سمندری طوفان کے خدشے کے پیش نظر کیٹی بندر کے ماہی گیروں نے اپنی کشتیاں ساحل پر کھڑی کر دی ہیں، بدین سے بھی ماہی گیروں کی واپسی شروع ہو گئی ہے تاہم کئی ماہی گیر اب بھی کھلے سمندر میں موجود ہیں۔
طوفان کے باعث سمندر میں 30 سے 40 فٹ اونچی لہریں اٹھنے لگیں
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق طوفان بپر جوائے کراچی سے صرف 600 کلومیٹر دور رہ گیا ہے اور طوفان کے مرکز میں ہواؤں کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی ہیں۔
حکام کے مطابق طوفان بیر جوائے کے باعث سمندر میں 30 سے 40 فٹ اونچی لہریں اٹھنے لگی ہیں تاہم فی الحال طوفان کا رخ بھارتی گجرات کی طرف ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگر طوفان نے اپنا رستہ بدلا تو کراچی سمیت سندھ کی پوری ساحلی پٹی متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور ساحلی علاقوں میں 300 سے 400 ملی میٹر تک تیز بارشوں کا امکان ہے۔
بھارتی شہر ممبئی میں بارش کا سلسلہ جاری
بھارت میں بھی سمندری طوفان بپر جوائے کے زیر اثر ممبئی میں اتوار کی رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے اور بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق ممبئی میں بارش کا سلسلہ 24 گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ ممبئی میں ہفتےکو 38.5 ڈگری کے ساتھ جون کا گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا جبکہ طوفان بپر جوائے کے پیش نظر شہر میں یلو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
کراچی میں 6 گھنٹے کے اسپیل میں 100 ملی میٹر بارش متوقع
دوسری جانب ڈائریکٹر سائیکلون وارننگ سینٹر زبیر صدیقی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان سے کراچی کو براہ راست کوئی خطرہ نہیں ہے، 15 جون کو طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات تک ٹکرائے گا، کراچی میں بدھ کی شام سے بارش کا آغاز ہو سکتا ہے۔
زبیر صدیقی کا کہنا ہے کہ کراچی میں 6 گھنٹے کے اسپیل میں 100 ملی میٹر بارش متوقع ہے، بدھ کی شام شروع ہونے والی بارش جمعہ تک جاری رہ سکتی ہے۔
ڈائریکٹر سائیکلون وارننگ سینٹر کے مطابق سمندری طوفان کے باعث کراچی میں تیز ہواؤں کا امکان بھی ہے، سائیکلون کا قطر کافی بڑا ہے جس میں کراچی بھی آرہا ہے۔
طوفان 15 جون کو کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرا سکتا ہے
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان بپر جوائے 14 جون تک شمال کی جانب بڑھےگا اور 15 جون کی دوپہر کو طوفان جنوب مشرقی سندھ اور بھارتی گجرات کو عبور کرےگا۔
حکام محکمہ موسمیات کے مطابق 15 جون کی صبح تک سمندری طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرا سکتا ہے۔
NEOC Update:ESCS intensified as Cat-3 #CycloneBiparjoy roughly 580 km South of Karachi, 560 km south of Thatta, expected to maintain Northward trajectory until morning of 14 Jun, then likely to recurve Eastward. https://t.co/JyI6arEinY
Source:Windy, NASA World View pic.twitter.com/7IXoaDKtze— NDMA PAKISTAN (@ndmapk) June 12, 2023