توصیف احمد قومی کرکٹ ٹیم کے عبوری چیف سلیکٹر مقرر
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کرکٹر توصیف احمد کو عبوری چیف سلیکٹر مقرر کر دیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سابق کرکٹر وجاہت اللہ واسطی کو جونیئر سلیکشن کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
توصیف احمد کی زیرقیادت سلیکشن کمیٹی کا پہلا اسائنمنٹ دورہ آسٹریلیا کے لیے ٹیم کا انتخاب ہے۔
خیال رہےکہ توصیف احمد اور وجاہت اللہ واسطی دونوں سلیکشن کمیٹی کے اراکین ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے خود پر لگنے والے الزامات پر استعفیٰ دے دیا تھا۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے انہیں کھلاڑیوں کی میڈیا کمپنی کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں پر وضاحت کے لیے بلایا تھا تاہم انضمام الحق نے ملاقات اور وضاحت کے بجائے استعفیٰ دے دیا۔
انضمام الحق کا کہنا تھاکہ لوگ بغیر تحقیق کے باتیں کرتے ہیں، مجھ پر سوال اٹھے تو استعفیٰ دینا بہتر سمجھا، مجھ پر سوال اٹھے گا تو بہتر ہے سائیڈ پر ہوجاؤں۔
انضمام الحق کا کہنا تھاکہ میرا پلیئرز ایجنٹ کمپنی سے کسی قسم کا تعلق نہیں، اس طرح کے الزامات سے دکھ ہوتا ہے۔