کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنیوالے تین ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کیمیکل ملادودھ فروخت کرنے والے تین ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں۔
سپریم کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والے تین ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
ملزمان محمد اقبال، محمد عارف اور محمد ابرار پر کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے کا مقدمہ درج ہے جو قصور کے تھانہ کھڈیاں میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے سیفٹی آفیسر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
فوڈ اتھارٹی نے چھاپے کے دوران ملزمان سے 1300 لیٹر کیمیکل ملا دودھ برآمد کرکے تلف کردیا تھا، ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں ٹرائل اور ہائیکورٹ نے بھی مسترد کردی تھیں۔
سپریم کورٹ نے بھی ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں اور عدالت نے قرار دیا ہے کہ انسانی جانوں کے ساتھ کھیلنے والوں کیلئے کوئی رعایت نہیں ہے۔
عدالت نے پنجاب کے اسپیشل پراسیکیوٹر کو 2 ماہ میں ملزمان کا ٹرائل مکمل کرانے کی ہدایت کی ہے۔