نو منتخب میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی حلف برداری کی تقریب
نو منتخب میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب اور ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کی حلف برداری کی تقریب پیر کی شام گلشن جناح (پولو گراؤنڈ) میں منعقد ہوئی جس میں الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے میئر کراچی اور ڈپٹی میئر کراچی سے ان کے عہدے کا حلف لیا، اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، صوبائی وزراء، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، یوسی چیئرمینز، مختلف ممالک کے سفارت کار،قونصل جنرل اور معززین شہر کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی، حلف برداری کی تقریب میں ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو شہر کی علامتی چابی پیش کی، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں جیت کو شہید بے نظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی کے تمام شہداء کے نام کرتے ہیں، کراچی کے قبرستان پاکستان پیپلزپارٹی کے شہید جیالوں سے بھرے ہوئے ہیں یہ شہر ایک فون کال پر چلتا تھا مگر جیالے ان کے سامنے کھڑے رہے اور انہوں نے شہر میں امن و جمہوریت کے لئے اپنے خون کی قربانی دی، پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے یہاں رہی ہے ہم سے الیکشن چھیننے جاتے ہیں مگر ہم الیکشن نہیں چھینتے، ماضی میں دھاندلی زور زبردستی کے ذریعے پیپلز پارٹی کو کراچی میں میئر بنانے سے روکا گیا، آج جب سہولت کاروں کے دور کا خاتمہ ہوا تو اب پیپلز پارٹی کے جیالے جیت رہے ہیں اور مسلسل جدوجہد کے بعد پیپلز پارٹی نے شہر میں نفرت اور انتہا پسندی کی سیاست کا خاتمہ کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی سے کشمور تک پیپلز پارٹی کے منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے،دھاندلی کے جھوٹے الزامات کا جواب محنت اور کارکردگی سے دیں گے، کراچی ملک کا بڑا شہر ہے یہ شہر ملک کو تمام مسائل سے نکال سکتا ہے،الیکشن جیتنے کے بعد پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کے حلقہ انتخاب میں کوئی تفریق نہیں ہوگی،کراچی کے گھمبیر مسائل حل کرنے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت تعاون کرے گی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے عوام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے شہر کی خدمت کے لئے پیپلز پارٹی کا انتخاب کیا،میں بطور میئر کراچی اور سلمان عبداللہ مراد اس عزت افزائی کے لئے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت، تنظیمی عہدیداران کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں کہ لوگوں میں محبتیں بانٹنے اور دلوں کو جوڑنے کے لئے ہمیں خدمت کا موقع دیا، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا ایک ایک یوسی چیئرمین اور تمام منتخب عہدیدار عہد کرتے ہیں کہ ہم شہر کی بلاتفریق خدمت کریں گے اور تفریق اور نفرت کی سیاست کو ختم کریں اور بے نظیر بھٹو شہید کے بلاتفریق خدمت کے مشن پر عملدرآمد کریں گے، پاکستان پیپلز پارٹی کراچی میں مثبت تبدیلی لے کر آئے گی اور کراچی کے شہری اس میں ہماری مدد کریں گے۔