صبا قمر کاسُپر ہٹ بالی ووڈ فلمیں ٹھکرانے کا انکشاف

صبا قمر کاسُپر ہٹ بالی ووڈ فلمیں ٹھکرانے کا انکشاف

پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کی ہر دور میں دنیا قدردان رہی ہے۔ ہمارا ڈراما ہو یا فلمیں، پاکستانی اداکاروں کی پرفارمنس کو ہر ملک میں پسند کیا جاتا ہے۔ یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے کہ کئی بھارتی اداکار اعتراف کرتے ہیں کہ انہوں نے پاکستانی ڈراموں کو دیکھ کر ہی اداکاری سیکھی ہے۔ سرمائے کے حجم کے اعتبار سے بولی وڈ کی انڈسٹری بہت بڑی ہے اور بیشتر بھارتی فلم ساز چاہتے ہیں کہ وہ پاکستان کے باصلاحیت اداکاروں کو اپنی فلموں میں کاسٹ کریں۔ تاہم پاکستانی فنکاروں نے جب بھی بھارتی فلموں میں کام کیا ہے تو انہوں نے اپنے قد کو اونچا رکھتے ہوئے ہی فلموں کا انتخاب کیا ہے۔ فن اور امن کے فروغ کے لیے پاکستانی فنکار ہمیشہ سرگرم رہتے ہیں۔ تاہم بہت سے پاکستانی فنکار ایسے ہیں جنہوں نے بولی وڈ کی بڑی پیشکش چھوڑ دیں۔

پاکستانی ڈراموں کی سپر اسٹار صبا قمر چھوٹی اسکرین سے بڑے پردے تک بھرپور اداکاری کی صلاحیتیں دکھاتی آئی ہیں۔ صبا کی اداکاری میں جذبات اس قدر نمایاں دکھائی دیتے ہیں کہ ناظرین ان کے ہر کردار میں کھو جاتے ہیں۔

 صبا کو ایک نہیں بلکہ متعدد بار بولی وڈ فلموں کی پیشکش ہوئی۔ صبا قمر کو بھارتی اداکار سیف علی خان کے ساتھ فلم ’’لو آج کل‘‘، ابھیشیک بچن کے ساتھ فلم ’’دلی 6‘‘ اور ایکتاکپور کی فلم میں عمران ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کی پیشکش کی گئی۔ تاہم صبا نے ان تمام فلموں کو ٹھکرا دیا تھا۔

صبا کا موقف تھا کہ ان کی پہلی ترجیح ہمیشہ پاکستانی شوبز انڈسٹری رہی ہے۔

صبا کا کہنا تھا کہ ان کی سوچ یہی تھی کہ اگر انہیں بولی وڈ کے سپراسٹارز جیسے کسی ’’خان‘‘ یا ’’کپور‘‘ کے ساتھ کام کی پیشکش کی جاتی تو وہ اسے قبول کرتیں۔ 

2017ء میں صبا نے بھارتی اداکار عرفان خان کے ساتھ فلم ’’ہندی میڈیم‘‘ میں شاندار اداکاری کی تھی۔ اس فلم میں صبا کی اداکاری کو اس قدر پسند کیا گیا کہ بھارت سے انہیں متعدد فلموں کی پیشکش ہوئی تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات کو دیکھتے ہوئے صبا نے کسی بولی وڈ فلم ساز کی پیشکش قبول نہیں کی۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *