چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مذاکرات کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کردیا
سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شکر کیا کہ شیریں نے خود کو ظلم سے بچانے کیلئے پارٹی چھوڑی، کارکن اور عہدے دار گھروں پر نہ رہیں، کہیں چھپ جائیں۔
ویڈیو لنک پر خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ تحریک انصاف کےکارکنوں کوہی نہیں حمایتیوں کوبھی جیل میں ڈالاجارہاہے، ایک جادو کا لفظ کہہ دیں کہ تحریک انصاف میں نہیں ہو تو آپ رہا ہوجائیں گے، 10 ہزار سے زائد کارکنوں کو جیل میں ڈالا گیا ہے، جیل میں قیدکارکنوں کوکھانا نہیں دیا جارہا، وکلا سے ملنے نہیں دیا جارہا، جلاؤ گھیراؤ پر جب بھی تحقیقات ہوں گی ثابت ہوجائے گا یہ پری پلان تھا۔
انہوں نے کہا کہ حیرت ہےاس ظلم پرکسی انسانی حقوق تنظیم کی آوازنہیں نکل رہی، میڈیا پریک طرفہ مؤقف چل رہا ہے، کارکن اور عہدیدار گھروں پر نہ رہیں کہیں چھپ جائیں، شیریں مزاری کوایک سے دوسرے جیل، رہائی کے بعد بار بار گرفتاری کی گئی، شیریں مزاری بیمار ہیں وہ یہ سب برداشت نہیں کرسکتی تھیں، میں نے شکرکیاکہ شیریں نےظلم سےخودکوبچانےکےلیے پارٹی چھوڑی۔
ان کا کہنا تھاکہ یہ صرف تحریک انصاف کو نقصان نہیں جمہوریت ختم کی جارہی ہے، پاکستان میں بنیادی حقوق ختم ہوچکے ہیں، 25 لوگ شہید کیے گئے، کیوں اب تک تحقیقات نہیں ہوئیں؟ یہ تحقیقات ہوں گی آج نہیں کریں گے تو مستقبل میں ہوں گی، فیصلہ کرلیں کہ ملک میں اب پرُامن احتجاج کی اجازت نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ کیا جو لوگ فیصلے کر رہے ہیں انہیں نظرنہیں آرہاکہ ملک ڈوب رہا ہے؟ ہم نے تو بہت کوشش کی بات کرنے کی لیکن یہ عجیب باتیں کرتےتھےکہ اکتوبر میں الیکشن کرائیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ کمیٹی کا کل اعلان کردوں گا، کمیٹی کو بس یہ دو چیزیں بتادیں اور سمجھا دیں کہ کیا میرے بغیر پاکستان پاکستان بہتر ہوجائے گا؟ اور اکتوبر میں الیکشن کرانے میں پاکستان کا کیا فائدہ ہے؟ یہ دو باتیں کمیٹی کو سمجھادیں تو میں پیچھے ہٹ جاتاہوں۔
190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کے حوالے سے سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ این سی اے نے 190 ملین پاؤنڈز پرخفیہ معاہدہ کیا، کہا گیا معاہدہ خفیہ نہیں رکھتے تو برطانیہ میں کیس کرنا ہوگا، ہمیں کہا گیا کیس کرنےکے بعدگارنٹی نہیں کہ یہ منی لانڈرنگ ثابت ہو، ہمارے پاس دو آپشن تھےکیس کریں یایہ 190ملین پاؤنڈز اسی وقت پاکستان آجائیں لہٰذا کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ہم خفیہ معاہدہ مان لیتے ہیں پیسہ پاکستان آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ نیب کہہ رہا القادر ٹرسٹ اسپانسرکرنےپر فائدہ پہنچایاگیا، 190ملین پاؤنڈز سپریم کورٹ میں پڑے ہیں نیب آج کہے غلط مد میں پیسہ آیا، نیب جاکر برطانیہ میں کیس کرے اور منی لانڈرنگ ثابت کرے پیسہ ادھر چلا جائے گا، آپ کو یہ کیس کرنے سے کون روک رہا ہے کیا چیز روک رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میری اہلیہ کوشوق ہے سیرت النبی ﷺ پڑھائی جائے، اس لیے ٹرسٹی رکھاگیا، پیسے کا نہیں بتاسکتے تو کہتے ہیں کہ مالی نہیں سیاسی فائدہ ہوا، مجھے ساڑھے 4 گھنٹے نیب میں بٹھایاگیا، بار بارکہتے رہے آپ کوفائدہ ہوا، میرا انٹرسٹ یہ تھاکہ القادریونیورسٹی جلد تعمیر ہو۔