اگلے ہفتے سے 14 مئی تک جلسے کروں گا: عمران کا چیف جسٹس اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب

اگلے ہفتے سے 14 مئی تک جلسے کروں گا: عمران کا چیف جسٹس اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب

سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف جسٹس پاکستان سے اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب میں کہا ہے کہ 14 مئی کو الیکشن نہ ہوئے تو سڑکوں پر ہوں گے، جب تک الیکشن نہیں ہوتے سانس نہیں لیں گے اور اگلے ہفتے سے 14 مئی تک جلسے کروں گا۔

پی ٹی آئی کی لاہور میں چیف جسٹس سے اظہار یکجہتی ریلی زمان پارک سے شروع ہوئی اور لکشمی چوک میٹرو اسٹیشن پر عمران خان نے اپنی گاڑی کے اندر سے ریلی سے خطاب کیا۔

اپنے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ 14 مئی کو الیکشن نہ ہوئے تو سڑکوں پر ہوں گے، اگلے ہفتے سے 14 مئی تک جلسے کروں گا، جب تک الیکشن نہیں ہوتے سانس نہیں لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپرقاتلانہ حملے ہوئے کسی کو پرواہ نہیں، قوم کا نقصان ہورہا ہے ان کو پرواہ نہیں ہے، قانون کی حکمرانی کے لیے سب لوگ نکل رہے ہیں، آئین کہتا ہے اسمبلی تحلیل ہوتی ہے تو 90 دن میں الیکشن ہوناہوتاہے، اس پر تمام وکلا اور ججز متفق ہیں لیکن ہماری اسمبلیاں تحلیل ہوئیں ہمیں الیکشن نہیں دیے جا رہے، نگران حکومت، وفاق اور الیکشن کمیشن سےمل کرالیکشن نہیں ہونے دے رہی۔

ان کا کہنا تھاکہ ہمیں چیف جسٹس نے کہا ان کے ساتھ مذاکرات کرو ، ہم ان کے ساتھ مذاکرات کرنا شروع ہو گئے، ہمارے ساتھ ہر قسم کا بہانہ بنایا گیا ، کہا گیا پیسے نہیں ہیں، ان کی صرف ایک کوشش تھی الیکشن کو کسی طرح روکا جائے، انہوں نے آئین کی کھلی خلاف ورزی کی جو نظر آرہا کہ یہ کریں گے۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ میں کہنا چاہتا ہوں ساری قوم اس چیف جسٹس کے ساتھ کھڑی ہے، ہم صرف الیکشن چاہتے ہیں، ہمارا آئین کہتا ہے اللہ کی حاکمیت کے بعد عوام کی حاکمیت ہے، اس وقت ملک مہنگائی کی دلدل میں پھنسا ہے، جب سے امپورٹڈ کرپٹ حکومت آئی ہے ملک کا پیسہ آدھا رہ گیا۔

بلاول کے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت پر انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستان کی تذلیل ہورہی، بلاول بھٹو ہندوستان گیا بھارتی وزیر خارجہ نے پاکستان کی تذلیل کی۔

بعدازاں عمران خان ریلی کے اختتام پر زمان پارک واپس روانہ ہوگئے۔

دوسری جانب راولپنڈی میں پی ٹی آئی کی کمیٹی چوک سے کچہری چوک تک ریلی نکالی جس کے باعث مری روڈ پر ٹریفک متاثر ہوگئی۔

ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی کوریلی کی مشروط اجازت دےرکھی ہے۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *