مارک زکربرگ اس سال سب سے زیادہ کمانے والے فرد بن گئے

mark zikar

مارک زکربرگ اس سال سب سے زیادہ کمانے والے فرد بن گئے

میٹا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مارک زکربرگ 2024 کے دوران دنیا میں اب تک سب سے زیادہ دولت کمانے میں کامیاب رہے ہیں۔

بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق فیس بک کے بانی اور میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ بل گیٹس کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔

میٹا کی آمدنی کی چوتھی سہ ماہی رپورٹ توقعات سے زیادہ اچھی ثابت ہوئی جس کے نتیجے میں مارک زکربرگ کی دولت میں ایک دن میں 28 ارب ڈالرز سے زائد کا اضافہ ہوا۔

 

اس اضافے کے بعد مارک زکربرگ کے اثاثوں کی مالیت 170 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی اور اس طرح وہ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص بن گئے۔

 

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس 145 ارب ڈالرز کے ساتھ 5 ویں نمبر پر چلے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ مارک زکربرگ کچھ عرصے قبل دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں کافی نیچے چلے گئے تھے۔

2022 میں میٹا ورس کی تیاری کے لیے پرعزم مارک زکربرگ کو بہت زیادہ مالی نقصان ہوا تھا۔

درحقیقت ایک موقع پر تو ان کی دولت میں 100 ارب ڈالرز سے زیادہ کی کمی بھی آئی اور وہ دنیا کے 10 امیر ترین افراد سے باہر نکل گئے تھے۔

مارک زکربرگ کی دولت 2022 میں گھٹ کر 35 ارب ڈالرز سے بھی نیچے آگئی تھی کیونکہ اس وقت میٹا کے حصص کی قیمتوں میں تیزی سے کمی آئی تھی۔

مگر 2023 میں مارک زکربرگ نے اپنی توجہ حقیقی دنیا پر مرکوز کرتے ہوئے میٹا پلیٹ فارم کے اخراجات میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے۔

یہ اقدامات کمپنی کے لیے اب تک بہتر ثابت ہوئےہیں اور مارک زکربرگ کی دولت میں رواں سال کے دوران 42.4 ارب ڈالرز کا اضافہ ہو چکا ہے۔

مارک زکربرگ میٹا کے 12.8 فیصد شیئرز کے مالک ہیں اور ان کی دولت کا انحصار بھی اس پر ہے۔

مارک زکربرگ کے ساتھ ساتھ میٹا کی مارکیٹ ویلیو میں بھی اس سال کے دوران نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

میٹا کی مارکیٹ ویلیو 1200 ارب ڈالرز سے زائد ہوچکی ہے اور اکتوبر سے دسمبر 2023 کی سہ ماہی کے دوران کمپنی کے منافع میں 3 گنا اضافہ ہوا۔

میٹا کے حصص میں ریکارڈ اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنی نے حصص کے منافع کے طور پر مارک زکربرگ کو ایک سال کے دوران 70 کروڑ ڈالرز دینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک 205 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں مگر ایمازون کے بانی جیف بیزوز 197 ارب ڈالرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں اور بظاہر ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بننے کا اعزاز اپنے نام کر سکتے ہیں۔

فرانس کے برنارڈ آرنلٹ 185 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص ہیں۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *