پیرس اولمپکس کی رنگارنگ افتتاحی تقریب، 205 ممالک کے دستوں کی دریائے سین میں کشتیوں پر آمد
پیرس کے مشہور دریائے سین پر رنگارنگ افتتاحی تقریب سے اولمپکس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا، 205 ممالک کے دستوں کی کشتیوں کے ذریعے دریائے سین میں آمد ہوئی، پیرس اولمپکس کی مشعل بھی روشن کردی گئی۔
دنیائے کھیل کے سب سے بڑے میلے پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں خوبصورت مناظر اور دل کو چھو لینے والی موسیقی کی جھنکار کے ساتھ مشہور گلوکارہ لیڈی گاگا اور فلم ٹائی ٹینک کا ٹائٹل سانگ گانے والی گلوکارہ سیلین ڈیان نے آواز کا جادو جگایا، افتتاحی تقریب میں 3 ہزار کے لگ بھگ فنکار پرفارم کر رہے ہیں۔
افتتاحی تقریب کے دوران روایتی انداز میں مختلف ملکوں کے دستوں کی آمد ہوئی، ایک کشتی پر دیگر چار ملکوں کے دستوں کے ہمراہ پاکستانی دستے کی آمد ہوئی، پاکستانی دستہ نیوزی لینڈ، عمان، یوگنڈا اور ازبکستان کے ساتھ آیا۔