تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کامیاب، افغانستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کامیاب، افغانستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی

شارجہ میں ہونے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے 66 رنز سے کامیابی حاصل کرلی تاہم افغانستان نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

پاکستان کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پوری افغان ٹیم 19 ویں اوور میں 116 رنز بنا سکی اور اسے میچ میں 66 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور محمد حارث ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد طیب طاہر 10 رنز بنا کیچ ہوئے جبکہ عبداللہ شفیق سیریز میں کھاتا کھولنے میں کامیاب ہوگئے تاہم وہ بھی 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد صائم ایوب اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے اور 49 رنز پر کریم جنت کا شکار بنے، عماد وسیم 13، افتخار احمد 31 اور شاداب خان 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمن نے دووکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نبی، فضل حق فاروقی،  راشدخان اور کریم جنت نے ایک ایک وکٹ لی۔

افغانستان کی اننگز

پاکستان کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغان ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور وقفے وقفے سے ان کی وکٹیں گرتی رہیں۔

افغان ٹیم کا کوئی بھی بیٹر پاکستان کی بولنگ کے سامنے مزاحمت نہ کرسکا اور 19 ویں اوور میں افغان ٹیم 9 وکٹوں پر 116 رنز بناسکی، نجیب اللہ زادران ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے باعث بیٹنگ کیلئے نہیں آئے، یوں پاکستان نے 66 رنز سے فتح حاصل کی۔

افغانستان کے عظمت اللہ عمر زئی 21 اور رحمان اللہ گرباز 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور احسان اللہ نے 3، 3 جبکہ عماد وسیم، زمان اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

افغانستان نے سیریز میں 1-2 سے اپنے نام کی، یہ پاکستان کیخلاف افغانستان کی اولین سیریز فتح ہے۔

ابتدائی دو ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی پاکستان نے پہلے بیٹنگ کی تھی تاہم افغان بولرز نے پاکستان کو بڑا مجموعہ حاصل کرنے نہیں دیا تھا۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *