جونیئر عالمی ہاکی کپ میں پاکستان نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی
جونیئر عالمی ہاکی کپ میں پاکستان اور بیلجیم کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 1-1 گول سے برابر ہوگیا تاہم پاکستان نے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
ملائیشیا کے شہر کوالا لمپور میں جاری جونیئر عالمی ہاکی کپ میں پاکستان اور بیلجیم کے درمیان میچ ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا، میچ کا آغاز تیز کھیل سے ہوا۔ بیلجیم کے کھلاڑی جیک نے پہلے کوارٹر کے تیسرے منٹ میں ہی پاکستان کے خلاف ملنے والے پنالٹی کارنر کے ذریعے گول اسکور کرکے بیلجیم کو برتری دلا دی۔
پاکستان کو کھیل کے 17 ویں اور 27ویں منٹ میں پنالٹی کارنرز لگانے کا موقع ملا لیکن پاکستانی ڈریگ فلکر ارباز احمد گول پوسٹ میں گیند پھینکنے میں ناکام رہے۔ پہلے ہاف کے اختتام تک بیلجیم کو پاکستان سے ایک گول کی برتری حاصل رہی۔
پاکستان کو کھیل کے 42 ویں منٹ میں ایک اور پنالٹی کارنر حاصل کرنے کا موقع ملا جس کے ذریعے ارباز احمد نے تیز رفتار ڈریگ فلک کے ذریعے گول اسکور کرکے بیلجیم کی برتری کا خاتمہ کردیا۔ میچ کے اختتام تک اسکور 1-1 گول سے برابر رہا۔.
پاکستان نے بہتر پوائنٹس کی بنیاد پر سپر ایٹ میں شامل ہوگیا اور کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کوارٹر فائنل میں پاکستان کا مقابلہ اسپین سے ہوگا۔