عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر ذکا اشرف کا ردعمل
عماد وسیم کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
گزشتہ روز عماد وسیم نے سوشل میڈیا پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ اور اپنے چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کافی سوچ بچار کے بعد فیصلہ کیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا یہی صحیح وقت ہے۔
عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر ذکا اشرف نے سابق کرکٹر کی پاکستان کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کمی کو محسوس کیا جائے گا۔
ذکا اشرف کا کہنا تھا عماد وسیم کی وائٹ بال کرکٹ میں پرفارمنس ٹیم میں جیت کے لیے کلیدی رہی ہے تاہم ان کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں اور پی سی بی کی میجمنٹ کمیٹی کی جانب سے آپ کی پاکستان کے لیے خدمات کا شکر گزار ہوں اور آپ کے تابناک مستقبل کے لیے نیک تمنائیں ہیں۔
عماد وسیم نے 2015 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا، 55 ایک روزہ اور 66 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے 34 سالہ کرکٹر نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 109 وکٹیں اور 1472 رنز اسکور کیے، وہ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم کا حصہ تھے اور انہوں نے 2016 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، 2019 کا 50 اوورز کا ورلڈکپ اور 2021 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی کھیلا۔