بُری امپائرنگ اور قوانین پاکستان کی شکست کی وجہ بنے، ہربھجن آئی سی سی پر برس پڑے
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپنر ہربھجن سنگھ پاکستان کی جنوبی افریقا کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے میں شکست کے بعد آئی سی سی کے قوانین پر پھٹ پڑے۔
ورلڈکپ کے 26 ویں اور اہم ترین میچ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی۔
جنوبی افریقا نے پاکستان کا 271 رنز کا ہدف 9 وکٹوں کے نقصان پر 47.2 اوورز میں پورا کرلیا۔
میچ میں ایک موقع ایسا آیا کہ جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 8 رنز جبکہ پاکستان کو کامیابی کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی۔
ایسے میں حارث رؤف نے جنوبی افریقا کے ٹیل اینڈر بیٹر تبریز شمسی کوگیند کروائی جو کہ ان کے پیڈ پر لگی ، پاکستان کی جانب سے ایل بی ڈبلیو کی اپیل کی گئی لیکن آن فیلڈ امپائر نے ناٹ دیا تو گرین شرٹس نے ری ویو لینے کا فیصلہ کیا۔
ری ویو میں نظر آیا کہ حارث کی گیند وکٹ کو معمولی چھو رہی ہے لیکن آن فیلڈ امپائر کی جانب سے ناٹ دیا گیا تھا اس لیے وہ امپائر کالز کی وجہ سے ری ویو کے بعد بھی ناٹ ہی رہا۔
اگر آن فیلڈ امپائر حارث کی اس گیند پر آؤٹ دے دیتے تو پاکستان میچ جیت جاتا جبکہ جنوبی افریقا کی جانب سے ری ویو لینے پر بھی آؤٹ ہی قرار دیا جاتا۔