انگلش ٹیم کی مشکلات میں اضافہ، اہم بولر کرکٹ ورلڈکپ سے باہر
دفاعی چیمپئن انگلینڈ کے اہم فاسٹ بولر کرکٹ ورلڈکپ سے باہر ہوگئے جس کے بعد انگلش ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق فاسٹ بولر ریسے ٹوپلے انگلی میں فریکچر کی وجہ سے ورلڈکپ کے دیگر میچز نہیں کھیل سکیں گے۔
ٹوپلے کو گزشتہ روز جنوبی افریقا کے خلاف میچ کے دوران انگلی میں چوٹ لگی تھی، تاہم میچ کے بعد اسکین میں ان کے فریکچر کی تصدیق ہوگئی۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق فاسٹ بولر اگلے 24 گھنٹے میں انگلینڈ کے لیے روانہ ہوجائیں گے، ٹوپلے کے متبادل کا ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 20 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے دفاعی چیمپئن انگلینڈ کو 229 رن سے شکست دی۔
جنوبی افریقا سے شکست کے بعد دفاعی چیمپئن انگلش ٹیم ورلڈکپ کے پوائنٹس ٹیبل پر نویں پوزیشن پر آگئی۔
انگلینڈ کو ورلڈکپ میں اب تک4 میچز میں سے 3 میں شکست کا سامنا ہے اور اب سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے اسے باقی میچز میں بہترین کار کردگی دکھانا ہوگی۔