ورلڈکپ: افغانستان کو شکست دیکر نیوزی لینڈ نے مسلسل چوتھی فتح حاصل کرلی

world cup nzvafg

ورلڈکپ: افغانستان کو شکست دیکر نیوزی لینڈ نے مسلسل چوتھی فتح حاصل کرلی

 

آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 16ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے افغانستان کو 149 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

نیوزی لینڈ کے  289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی پوری ٹیم 35 ویں اوور میں 139 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔رحمت شاہ 36 اور عظمت اللہ عمرزائی 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ چنئی میں کھیلا گیا جس میں افغان ٹیم نے ٹاس جیتا اور بولنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز بنائے، ٹام لیتھم 68 اور فلپس 71 رنز بناکر نمایاں رہے۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

افغانستان کے خلاف نیوزی لینڈ کی اننگز کا آغاز اتنا اچھا نہ تھا، 110 کے مجموعی اسکور پر کیویز کے 4 بیٹرز آؤٹ ہوگئے تھے۔

اوپنر ڈیوون کانوے کو مجیب الرحمٰن نے 20 رنز پر پویلین بھیجا، وِل ینگ 54 اور رچن رویندرا 32 رنز بناکر عظمت اللہ عمر زئی کا شکار ہوئے جبکہ ڈیرل مچل کو راشد خان نے ایک رن پر آؤٹ کیا۔

4 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان ٹام لیتھم اور گلین فلپس نے ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور ٹیم کو سنبھالا، دونوں کے درمیان 144 رنز کی شاندار شراکت داری قائم ہوئی، دونوں بیٹرز نے نصف سنچریاں بھی اسکور کیں۔

تاہم پھر ٹام لیتھم 68 اور گلین فلپس 71 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔اختتامی اوورز میں چیپمین نے ناقابل شکست 25 اور سینٹنر نے 7 رنز اسکور کیے، یوں کیویز کا اسکور مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 288 رنز تک پہنچا۔

افغانستان کی جانب سے نوین الحق اور عظمت اللہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ راشد خان اور مجیب الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ 

افغانستان کی اننگز

نیوزی لینڈ کے 289 رنز کے ہدف کے تعاقب میں افغانستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کیوی بولرز کے سامنے کوئی بھی افغان بیٹر جم کر نہ کھیل سکا اور ٹیم کی ایک کے بعد ایک وکٹ گرتی گئی۔

افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ 36 اور عظمت اللہ عمرزائی 27 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

اس کے علاوہ ابرہیم زدران 14، رحمٰن اللہ گرباز 11،حشمت اللہ شاہدی اور راشد خان 8 ،8 رنز  بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد نبی7 اور مجیب الرحمٰن 4 رنز بناسکے، نوین الحق اور فضل حق فاروقی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ 

289 رنز کے تعاقب میں افغانستان کی ٹیم 34.4 اوورز میں 139 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل سینٹنر اور لوکی فیرگوسن نے 3 ،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹیں حاصل کیں، میٹ ہینری اور راچن رویندرا کے حصے میں ایک ، ایک وکٹ آئی۔

کیویز نے رواں ورلڈکپ میں اب تک 4 میچز کھیلے ہیں اور چاروں میں ہی اسے کامیابی ملی جبکہ افغانستان 4 میچز میں اب تک صرف ایک میچ جیت سکا، 3 میں اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *