ایک اوور میں 52 رنز، ارجنٹائن کی ویمنز ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کئی ریکارڈز بنا لیے
ارجنٹائن کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے چلی کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں کئی ریکارڈز بنا لیے۔
ان دنوں چلی کی ویمنز کرکٹ ٹیم ارجنٹائن کے دورے پر ہے، جہاں جمعہ 13 اکتوبر کو 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں دونوں ٹیمیں بیونس آئرس میں مدمقابل آئیں۔
چلی ویمنز کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر ارجنٹائن کو بیٹنگ کی دعوت دی، لیکن یہ فیصلہ بد ترین ثابت ہوا کیوں کہ ارجنٹائن کی خواتین کرکٹرز نے چلی بولرز کا بھرکس نکال کر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ بناڈالا۔
ارجنٹائن ویمنز کرکٹ ٹیم کی بیٹرز نے چلی بولرز کی درگت بنائی اور 20 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 427 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
یہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعی اسکور ہے، اس سے قبل بحرین کی ویمنز ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں 318 رنز بنائے تھے۔
چلی کے خلاف میچ میں ارجنٹائن کی ویمنز ٹیم کی دونوں اوپنرز نے سنچریاں اسکور کیں اور پہلی وکٹ پر سب سے بڑی 350 رنز کی ریکارڈ ساز شراکت داری قائم کی۔
ارجنٹائن کی اوپنر البرٹینا گلان نے ناقابل شکست 145 رنز بنائے جبکہ لوسیا ٹیلر نے 169 رنز کی ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔ ٹیلر ویمنز کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے والی بیٹر بھی بنیں۔ا س سے قبل 161 رنز سب سے بڑا انفرادی اسکور تھا۔
حیران کن بات یہ ہے کہ ارجنٹائن کی اننگز میں چلی کی ویمنز کرکٹ ٹیم کی جانب سے 64 نوبالز کرائی گئیں، جو کہ تقریباً 11 اوورز بنتے ہیں۔
ا س سے حیران کن بات یہ ہے کہ اجنٹائن کے 427 رنز میں ایک چھکا بھی شامل نہیں تھا، ارجنٹائن کی ویمنز ٹیم نے پوری اننگز میں 57 چوکے مارے۔
ارجنٹائن کی اننگز میں چلی بولر کونس تانزا سب سے مہنگی بولر ثابت ہوئیں، انہوں نے 4 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ لیے 92 رنز دیے جبکہ چلی بولر فلو رینسیا مارٹینز نے ایک اوور میں سب سے زیادہ 52 رنز کھائے۔
428 رنز کے ہدف کے تعاقب میں چلی کی ویمنز کرکٹ ٹیم 15 اوورز میں صرف 63 رنز پر آؤٹ ہوگئی ، یوں ارجنٹائن ویمنز کرکٹ ٹیم نے یہ میچ 364 رنز کے ریکارڈ مارجن سے جیت لیا۔
ارجنٹائن ویمنز کرکٹ ٹیم کی چلی کے خلاف جیت ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ کی سب سے بڑی جیت ہے۔