آئی سی سی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم کی سری لنکا کے خلاف ریکارڈ ساز جیت پر سابق کپتان شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آگیا۔
منگل کو ورلڈکپ کے آٹھویں میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف عبداللہ شفیق اور محمد رضوان کی شاندار سنچریوں کی بدولت ورلڈکپ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کر کے تاریخ رقم کی۔
پاکستان نے سری لنکا کا 345 رنز کا ہدف 4 وکٹوں کےنقصان پر 49 ویں اوور میں پورا کیا، عبداللہ شفیق نے 113 رنز بنائے جبکہ محمد رضوان 131 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کے خلاف345 رنز کے ہدف کا کامیابی سے تعاقب ورلڈکپ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے بڑا رن چیز ہے۔
اس سے قبل 2011 کے ورلڈکپ میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کے خلاف 329 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا۔
پاکستانی بیٹرز کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ریکارڈ ساز جیت پر شاہد آفریدی نےسوشل میڈیا پر بیان جاری کیا۔
شاہد آفریدی نے لکھا کہ’ سری لنکا کےخلاف ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے بڑا ہدف حاصل کرنا، پھر عبداللہ اور رضوان کے کیریئر کی بہترین اننگز، اس کے علاوہ جیت میں حسن علی کی شاندار بولنگ بھی شامل ہے،ویلڈن لڑکوں البتہ بولنگ میں بہتری کی ضرورت ہے’۔