ابتدائی اوور میں وکٹوں کیلئے مشہور شاہین سے بھارتی میڈیا پریشان، پروپیگنڈا شروع کر دیا
پہلے اوور میں وکٹیں حاصل کرنے کے لیے مشہور شاہین آفریدی سے پریشان بھارتی میڈیا نے فاسٹ بولر کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر دیا۔
ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم میچ کل بروز ہفتہ 2 ستمبر کو سری لنکا کے پالیکلے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاک بھارت میچ سے قبل بھارتی میڈیا نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس پر سوال اٹھانا شروع کر دیے اور پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ شاہین آفریدی نیپال کے خلاف میچ کے دوران فٹنس مسائل سے دوچار ہوئے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نیپال کے خلاف میچ میں میڈیکل اسٹاف نے باؤنڈری لائن پر شاہین آفریدی کی ٹریٹمنٹ کی۔
بھارتی میڈیا نے شاہین آفریدی کے پاک بھارت میچ سے ممکنہ باہر ہونے پر متبادل بولر کا نام بھی دے دیا اور کہا کہ محمد وسیم جونئیر کو بھارت کے خلاف میچ میں شاہین کی جگہ کھلایا جائے گا۔
اس حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی نے نیپال کے خلاف مکمل فٹنس کے ساتھ پانچ اوورز کیے، شاہین آفریدی مکمل فٹ ہیں انہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، گرم موسم کی وجہ سے شرٹ تبدیل کرنے کے لیے باہر گئے اور پھر شاہین آفریدی واپس آ گئے تھے۔
یاد رہے کہ نیپال کے خلاف میچ میں شاہین آفریدی صرف پانچ ہی اوورز کروا سکے تھے کیونکہ نیپال کی پوری ٹیم 23.4 اوورز میں آؤٹ ہو گئی تھی۔