کولمبو ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستان کے نام، بولرز کے بعد بیٹرز کی بھی ذمہ دارانہ بلے بازی

کولمبو ٹیسٹ کا پہلا روز پاکستان کے نام، بولرز کے بعد بیٹرز کی بھی ذمہ دارانہ بلے بازی

کولمبو ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستانی بولرز کے بعد بیٹرز کی جانب سے بھی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا لیے ہیں اور میزبان ٹیم کا خسارہ ختم کرنے کے لیے گرین کیپس کو مزید 21 رنز درکار ہیں۔

پہلے روز کا کھیل ختم ہوا عبد اللہ شفیق 74 اور بابر اعظم 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

شان مسعود 51 رنز جبکہ امام الحق 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سری لنکا کی جانب سے دونوں وکٹیں اسیتھا فرنینڈو نے حاصل کیں۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں پہلے روز 28 اوور بیٹنگ کی جس میں سے ایک بھی اوور میڈن نہیں گیا اور پاکستانی ٹیم نے 5 سے زائد رنز کی اوور کی اوسط سے 145 رنز اسکور کیے جس میں 3 چھکے اور 13 چوکے شامل ہیں۔

سری لنکا کی پہلی اننگز

قبل ازیں سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو سود مند ثابت نہ ہوا اور پوری لنکن ٹیم 166 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجیا ڈی سلوا 57 اور دنیش چندیمل 34 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 4 اور نسیم شاہ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی اور دو کھلاڑیوں کو شان مسعود نے رن آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے، پاکستان نے گال میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *