اسپورٹس بورڈ کے انکار کے باوجود پی ایف ایف ویمن ٹیم کی این او سی کیلئے کوشاں
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے انکار کے باوجود پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) قومی ویمن فٹبال ٹیم کی این او سی کے لیے کوشاں ہے۔
پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کو 15 اور 18 جولائی کو سنگاپور میں میزبان ٹیم کیخلاف میچز کھیلنے ہیں تاہم پی ایس بی کم وقت کی بنیاد پر این او سی سے معذرت کرچکا ہے لیکن اس کے باوجود بھی پی ایف ایف، این او سی کے حصول کیلئے کوششیں کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی این او سی کےلیے ایک حکومتی عہدیدار بھی کوششیں کررہے ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے شروع میں این او سی سے معذرت کے باوجود بھی سمری متعلقہ وزارت کو بھجوادی ہیں، پی ایف ایف کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن نے این او سی کی امیدیں نہیں چھوڑیں ہیں ، تاخیر سے این او سی ملنے پر صرف ایک میچ کھیلنے کا آپشن بھی زیر غور ہے۔