آئی سی سی ورلڈکپ: کن 2 ٹیموں کے ایونٹ میں کوالیفائی کرنے کے امکانات زیادہ ہیں؟
رواں برس اکتوبر میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ بھارت میں سجنے جارہا ہے جس کے لیے تیاریوں کا آغاز ابھی سے شروع ہوگیا ہے اور اسی کے پیشِ نظر زمبابوے میں سپر سکس مرحلہ جاری ہے جس کے اختتام پر دو ٹیمیں ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرجائیں گی۔
ہفتہ یکم جولائی کو کرکٹ کے مداحوں کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب دو مرتبہ عالمی چیمپئن رہنے والی ویسٹ انڈیز ورلڈکپ کوالیفائرز میں مسلسل تیسری شکست سے دو چار ہوئی اور پہلی مرتبہ ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام ہوگئی۔
تاہم ویسٹ انڈیز کے ایونٹ سے نکل جانے کے بعد سپر سکس کے پوائنٹس ٹیبل کی صورتحال کچھ یوں ہے۔
ویسٹ انڈیز اور عمان کے ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے کا آثار مکمل طور پر ختم ہوچکے ہیں، جب کہ سری لنکا اور زمبابوے وہ دو ٹیمیں ہیں جو ورلڈکپ میں کوالیفائی کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
لیکن اسکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز چاہیں تو سری لنکا اور زمبابوے سے ان کی نمبر ون اور نمبر ٹو پوزیشنز چھین سکتی ہیں۔
ان چار ٹیموں کو ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے کے لیے کیا کرنا ہوگا؟
سری لنکا، زمبابوے، اسکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز کو اب بھی 2،2 میچز مزید کھیلنے ہیں۔
سری لنکا
سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان آج اتوار کو ہونے والا میچ فائنل کی طرح ہے، سری لنکا کی کوشش ہوگی کہ اس میچ میں جیت کر وہ سیدھے سیدھے پوائنٹس ٹیبل پر نمبر ون پوزیشن برقرار رکھ کر ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنا یقینی بنائے۔
سری لنکا اگر یہ میچ ہارتا ہے تو اسے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، البتہ سری لنکن ٹیم کو اپنے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دینا لازمی ہوجائےگا۔
زمبابوے
زمبابوے کی صورتحال سری لنکا سے کچھ مختلف نہیں،یہ ٹیم بھی اپنے 3 میچز یعنی تمام میچز جیتی ہے اور آئندہ دو میچز سری لنکا (جو کہ اس وقت جاری ہے) اور اسکاٹ لینڈ سے ہونا ہے۔
سری لنکا کے خلاف فتح بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈکپ میں زمبابوے کی گرفت کو مضبوط کرے گی، لیکن امکان ہے کہ زمبابوے کی اسکاٹ لینڈ کے خلاف جیت کے بعد بھی دوسرے میچز کے نتائج دیکھنا ہوں گے۔
سری لنکا سے ہارنا مہنگا پڑسکتا ہے لیکن ایونٹ میں پھر بھی ان کے لیے امید باقی ہوگی کیونکہ اگر یہ اسکاٹ لینڈ کو شکست دے دیتے ہیں تو ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرسکتے ہیں۔
اس کے علاوہ اگر زمبابوے ان دونوں میچز میں ہارتا ہے تو پھر اسکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز کے لیے امکانات روشن ہوجائیں گے۔
اسکاٹ لینڈ
اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار فتح کے بعد اپنے لیے ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن کرلیے ہیں، اسکاٹ لینڈ کو پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ 2 ٹیموں میں جگہ بنانے کے لیے 4 جولائی کو زمبابوے اور 6 جولائی جو نیدرلینڈز سے مقابلہ ہر صورت میں جیتنے ہوں گے۔
نیدرلینڈز
نیدرلینڈز کا ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے کا امکان انتہائی کم ہے، اسے ناصرف اپنے بقیہ دو میچز جو کہ عمان اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف ہیں، جیتنے ہوں گے بلکہ بڑے مارجن سے جیتنے ہوں گے تاکہ نیٹ رن ریٹ بہتر ہوسکے۔