کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا ممبئی میں نہ کھیلنے کا فیصلہ
آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم ممبئی کا سفر نہیں کرے گی اور اس حوالے سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارت میں رواں برس اکتوبر میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم ممبئی سفر نہیں کرے گی، پی سی بی نے اس حوالے سے آئی سی سی کو آگاہ کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو بتا دیا ہے کہ ممبئی پاکستان کیلئے محفوظ نہیں ہے، ورلڈ کپ سیمی فائنل کیلئے کولکتہ اور ممبئی وینیوز ہیں، پاکستان اوربھارت کے سیمی فائنل میں ٹکراؤ کی صورت میں کولکتہ میں میچ کرایا جائے۔
خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کل کیا جائے گا، کولکتہ میں ممکنہ طور پر پاکستان کے 3 میچز شیڈولڈ ہیں، پاکستان بھارت کا میچ احمد آباد میں ہوگا۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ سے قبل کرکٹ کا ایک اور اہم ایونٹ ایشیا کپ 2023 ون ڈے فارمیٹ کے تحت تحت پاکستان میں کھیلا جائے گا، بھارت کے پاکستان آنے سے انکار کے بعد پی سی بی نے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا تھا جسے ایشین کرکٹ کونسل نے تسلیم کیا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل نے اپنے اعلامیے میں کہا کہ ایشیا کپ 31 اگست سے 17 ستمبر تک کھیلا جائے گا جس میں پاکستان سمیت بھارت، سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ایشین کرکٹ کونسل کا کہنا ہےکہ ٹورنامنٹ ہائبرڈ ماڈل کے تحت کھیلاجائے گا جس میں ایونٹ کے چار میچز پاکستان اور 9 میچز سری لنکا میں ہوں گے۔