بھارتی کرکٹ بورڈ پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیاکپ کھیلنے پر رضامند
ایشیاکپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز مان لی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیاکپ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے پی سی بی کی تجویز مان لی ہے، ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے 4 میچز پاکستان میں اور بقیہ نیوٹرل وینیوز پر ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق نیوٹرل وینیو کا فیصلہ ابھی نہیں ہوسکا ہے، اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) مشروط طور پر ہائبرڈ ماڈل قبول کرے گا جس میں بھارت نے شرط رکھی ہےکہ پاکستان کو بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت کیلئے تحریر ی یقین دہانی کرانی ہوگی۔
ہائبرڈ ماڈل کے تحت بھارت ایشیا کپ کے مقابلے نیوٹرل وینیو پر کھیلے گا اور نیوٹرل وینیو یو اے ای یا سری لنکا ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ بھارت میں رواں برس کھیلا جانا ہے لیکن اس سے قبل ایشیا کپ پاکستان کی میزبانی میں ہوگا جس میں بھارت نے شرکت سے انکار کردیا تھا جس کے بعد پاکستان نے بھی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے بھارت جانے سے انکار کردیا تاہم دونوں بورڈز کے درمیان پاکستان کی جانب سے تجویز کیے جانے والے ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت جاری ہے۔