رئیل اسٹیٹ پر 15 فیصد ٹیکس سے سیکٹر مکمل بیٹھ جائے گا: ایف پی سی سی آئی
وفاقی ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) نے بجٹ ملا جلا ردعمل دیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ کا کہنا تھاکہ ڈیڑھ فیصد شرح سود کم ہونے سےکچھ نہیں ہوگا، علاقائی ممالک کی فیکٹریوں کو 8 سینٹس جبکہ ہمیں 17 سینٹس کی بجلی ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رئیل اسٹیٹ پر15 فیصد ٹیکس سےسیکٹرمکمل بیٹھ جائےگا، بجٹ کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔
نائب صدر ثاقب مگوں کا کہنا تھاکہ بجٹ ہدف صنعتوں کی حالت دیکھتےہوئےبہت زیادہ ہے، ایکسپورٹ ریفائنانس رقم میں اضافہ خوش آئند ہے لیکن ایکسپورٹرز کو عام ٹیکس نیٹ میں لانے سے ایکسپورٹ میں کمی ہوگی، آئی ٹی سیکٹر کےلیے بھاری رقم بہتر، تنخواہوں اور پنشنز میں اضافہ اچھا قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس ڈیجیٹائزیشن کی بات اچھی ہے، رئیل اسٹیٹ پرکیپیٹل گین ٹیکس سےبیرون ملک سےرقم کی ترسیل میں کمی آئے گی۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2024-25 کیلئے 85 کھرب خسارے پر مشتمل 188 کھرب 87 ارب سے زائد کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا ہے۔
بجٹ 25-2024 میں جائیداد کی خریدوفروخت پر فائلرز اور نان فائلرز پر ٹیکس کی شرح میں اضافےکی تجویز ہے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق جائیداد کی خریدوفروخت پر فائلر پر 15 فیصد ٹیکس لگےگا جب کہ نان فائلرز کے جائیداد خریدنے اور بیچنے پر 45 فیصد تک ٹیکس لگےگا۔