مہنگائی کی شرح 11 فیصد تک آگئی، جلد سنگل ڈیجٹ پر آجائیگی: وزیر خزانہ نے اقتصادی سروے پیش کردیا

pakistan news

مہنگائی کی شرح 11 فیصد تک آگئی، جلد سنگل ڈیجٹ پر آجائیگی: وزیر خزانہ نے اقتصادی سروے پیش کردیا

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب مالی سال 24-2023 کا اقتصادی سروے پیش کر دیا ہے۔

 اقتصادی سروے پیش کرتے ہوئے  وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی شرح 48 فیصد سےکم ہوکر 11 فیصد تک آگئی ہے، جلد سنگل ڈیجٹ پر  بھی آجائےگی،  پالیسی ریٹ کو بتدریج نیچے آنا چاہیے، مہنگائی میں کمی کی وجہ سے ہی اسٹیٹ بینک نے شرح سود کو کم کیا ہے۔

  وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے سوا کوئی پلان بی نہیں تھا، آئی ایم ایف کے پاس نہ جاتے تو آج اہداف کا تعین نہ کرپاتے، رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ میں بڑی صنعتوں کی گروتھ اچھی نہ رہی، زراعت نے اچھا کردار ادا کیا ہے، لائیواسٹاک بھی بہتر رہی۔

  وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ مالی سال 23-2022 میں شرح نمو 2 فیصد کم ہوئی تھی اور  روپے کی قدر میں 29 فیصد کمی ہوئی۔ ان مسائل کے ساتھ ہم نے مالی سال 24-2023 کا آغاز کیا، بلند شرح سود اور مہنگی توانائی کے سبب لارج اسکیل مینوفیکچرنگ متاثر ہوئی،  رواں مالی سال ریونیو کلیکشن میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 50 کروڑ ڈالر تک محدود رکھنے میں کامیاب ہوئے۔

 ان کا کہنا تھا کہ  گزشتہ سال ہم ڈیفالٹ کے دہانے پر تھے، صرف 2 ہفتے کی برآمدات کا زرمبادلہ رہ گیا تھا، آئی ایم ایف سے بہت مفید مذاکرات ہوئے ہیں،  آئی ایم ایف نے 9 ماہ کے اسٹینڈبائی پروگرام میں مالیاتی نظم نسق کو تسلیم کیا ہے،  ٹیکس تو جی ڈی پی بڑھانا ہوگا، کوئی سرکاری کاروباری ادارہ اسٹریٹیجک نہیں ہوتا۔ پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانےکے اصول پر آگے بڑھیں گے، ٹیکس کلیکشن کو ڈیجیٹلائزیشن کی طرف لے جارہے ہیں، انسانی مداخلت کم کریں گے، ٹیکس وصولی کر کے دکھانی ہوگی۔

وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ زراعت ہماری معیشت کا سب سے بڑا ستون ہے، گندم کے معاملات وزیراعظم خود دیکھ رہے ہیں،  اس بار چاول کی بمپر فصل سے ہم نے زرمبادلہ کمایا ہے، زراعت میں مڈل مین کےکردار میں کمی لانی ہے،  حکومتی عمل دخل جس شعبےسےختم ہو وہ اچھا ہے، پاسکو کو بھی سرکاری تحویل میں نہیں رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  پی آئی اے نجکاری سے متعلق نتیجہ جولائی اگست تک دیکھ لیں گے، ہم صرف اسلام آباد ائیرپورٹ کی نجکاری تک نہیں رکیں گے، سرکاری اداروں میں ایک ہزار ارب روپے کا خسارہ برداشت نہیں کر سکتے، اسٹیل ملز کی بحالی کا کوئی امکان نہیں، صرف اسکریپ میں بکے گی،  اسٹیل ملز  میں لوگ بیٹھے ہیں،گیس بھی استعمال ہو رہی ہے۔ انویسٹمنٹ ٹو جی ڈی پی 50 سال میں کم ترین ہونے کی بات درست ہے،  پی ایس ڈی پی میں اہم نوعیت کے منصوبوں کو فنڈز دیں گے، اب ہمارے ہاتھ بندھ چکے ہیں،کم اہمیت کے منصوبوں کو شامل نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں امپورٹڈ مہنگائی کا بہت بڑا اثر ہے، ہم آئندہ مالی سال بھی قرض رول اوور کروائیں گے،  این ای سی نے گزشتہ روز کچھ فیصلے واپس لیے ہیں، نگران حکومت میں کچھ اقدامات لیے تھے جن کو واپس لیا گیا۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *