سابق وزیر خزانہ مظفر سید کا پرویز خٹک کی پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ
پشاور: سابق صوبائی وزیر مظفر سید نے تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا۔
خیبر پختونخوا میں پی پی پی کی ایک وکٹ گرگئی اور سابق وزیر خزانہ مظفر سید نے پارٹی کو خیرباد کہہ کر پرویز خٹک کی جماعت پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مظفر سید آج جلسے کے دوران پی ٹی آئی پی میں شمولیت کا اعلان کریں گے، انہوں نے پرویزخٹک اور محمود خان سے ملاقات کی تھی۔
ذرائع کے مطابق لوئر دیر سے تعلق رکھنے والے مظفر سید کا تعلق پیپلز پارٹی سے تھا اور وہ 30 سال تک جماعت اسلامی سے بھی وابستہ رہے تھے۔
اسی حوالے سے جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے سابق وزیر خزانہ مظفر سید نے بتایا کہ پرویز خٹک اور محمود خان نے پارٹی میں شمولیت کی دعوت دی ہے، پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا آج باضابطہ اعلان کروں گا۔