’بہتر ہے پنجاب پر فوکس کریں‘، بلاول نے نواز شریف کے دورہ بلوچستان کو (ن) لیگ کی کمزوری قرار دیدیا
مٹھی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے دورہ بلوچستان کو (ن) لیگ کی کمزوری کا نتیجہ قرار دے دیا۔
مٹھی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ (ن) لیگ کے لیے لاہور میں مشکلات ہیں اس لیے انہیں دوسرے صوبوں پر فوکس کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، میاں صاحب اکا دکا سیٹوں کے لیے بلوچستان جانے کی تکلیف اٹھا رہے ہیں، بہتر ہے کہ پنجاب پر ہی فوکس کریں۔
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب نے بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹرز کے ووٹ لینے پر پیپلزپارٹی کو بہت طعنے دیے تھے کہ باپ کے ووٹ بہت برے ہیں ، امید ہے کہ وہ اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے ۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ 15 ماہ (ن) لیگ کو بہت قریب سے دیکھا ہے، وفاق اور صوبے میں حکومت اور اداروں کا ساتھ ہونے کے باوجود (ن) لیگ ضمنی الیکشن سے بھاگتی رہی تھی۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ان کے خیال میں یہ پہلا الیکشن ہونے جا رہا ہے جس میں پیپلزپارٹی کی کسی ادارے سے کوئی لڑائی نہیں ہے، آج بھی ایک فیلڈ بنائی جا رہی ہے لیکن پیپلزپارٹی ہر پچ پر الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہے۔
دوران پریس کانفرنس انہوں نے (ن) لیگ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بل بوتے پر سیاست کرے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی 15 مہینے کی کارکردگی کے بعد الیکشن لڑنے کے لیے تیار ہوں، کیا شہباز شریف اور دیگر رہنما بھی تیار ہیں یا اپنا منہ چھپا رہے ہیں؟
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیرِ اعظم نواز شریف کوئٹہ پہنچ گئے، وہ خصوصی پرواز کے ذریعے کوئٹہ پہنچے۔