آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام پاکستان میں ترکیہ کے پہلے سفیر YAHYA KEMAL BEYATH کے پوٹریٹ کی نمائش کا انعقاد
ہم ترکیہ اور پاکستان کا 75 سالہ دوستی کا جشن منا رہے ہیں،صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ
آج کی تصویری نمائش پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی بہترین مظہر ہے ، نگران وزیرقانون عمر سومرو
پاک ترکیہ تعلقات 75سال نہیں بلکہ صدیوں پرانے ہیں، قونصل جنرل ترکیہ جمال سانگو
کراچی (indus icon) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام پاکستان میں ترکیہ کے پہلے سفیر YAHYA KEMAL BEYATH کے پوٹریٹ کی نمائش کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیاگیا، نمائش کا افتتاح وزیرقانون عمر سومرو، قونصل جنرل ترکیہ جمال سانگو اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کیا اس موقع پر قونصل جنرل تھائی لینڈ، قونصل جنرل جاپان، قونصل جنرل اومان اور قونصل جنرل انڈونیشیا سمیت دیگر ممالک کے سفارتکاروں نے بھی شرکت کی۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے ترکیہ کے ساتھ قدیمی تعلقات ہیں، ہم ترکیہ اور پاکستان کا 75 سالہ دوستی کا جشن منا رہے ہیں، آج کی نمائش یحییٰ کمال کی ہے جو پاکستان کے پہلے سفیر تھے۔ نگران وزیر قانون مذہبی امور و انسانی حقوق عمر سومرو نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج کی تصویری نمائش پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کی مظہر ہے ، بطور تاریخ کے طالب علم میری معلومات میں گراں قدر اضافہ ہوا ہے ، پاکستان کے عوام کا ترکیہ سے ناصرف مذہب بلکہ احترام اور محبت کا رشتہ ہے ، میں شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھے آج اس تقریب میں شرکت کا موقع ملا۔ قونصل جنرل ترکیہ جمال سانگو نے کہاکہ تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، آج کا دن ہمارے لیے بہت اہم ہے، ہم اپنے پہلے سفیر کے پوٹریٹ کی نمائش کررہے ہیں، وہ ترکی کے معروف شاعر اور ادیب بھی تھے، انہوں نے کہاکہ پاک ترکیہ تعلقات صرف 75سال نہیں بلکہ صدیوں پرانے ہیں، ہمارے آباﺅاجداد کے پاکستان سے گہرے مراسم تھے، ہم دو ملک ضرور ہیں ہیں مگر ہمارے نظرئیے کی بنیاد ایک ہے، ہم رہن ، سہن اور ثقافت میں ایک جیسے ہیں، آرٹس کونسل کراچی کا بہت شکریہ کہ انہوں نے اس نمائش کے انعقاد میں ہمارا بھرپور ساتھ دیا۔پوٹریٹ نمائش میں ترکی کے پاکستان میں تعینات پہلے سفیر یحییٰ کمال بیات کے پاکستان میں گزارے تاریخی لمحات کو عکس بند کیاگیا ہے جس میں ان کی قائداعظم محمد علی جناح سمیت پاکستان کی دیگر سیاسی و سماجی شخصیات کے ساتھ اہم ملاقاتیں شامل ہیں۔