مہنگے پیٹرول سے پریشان موٹر سائیکل سواروں نے بچت کیلئے کیا کرنا شروع کردیا؟
مہنگے پیٹرول سے پریشان افراد نے بچت کے لیے موٹر سائیکلوں میں خطر ناک ایل پی جی کٹ لگوانا شروع کردی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی سے بہت اچھی ایوریج مل رہی ہے، ایک لیٹر پیٹرول سے 40/45 کلو میٹر کا سفر کرنے والی موٹر سائیکل ایک کلو ایل پی جی سے 100 کلو میٹر تک چل جاتی ہے۔
خیرپور میں ایل پی جی کی مانگ بڑھتے ہی کٹ کی قیمت بھی بڑھ گئی، ایل پی جی کی کٹ کی قیمت 4500 سے بڑھ کر 6 ہزار ہوگئی۔
خیال رہے کہ ایل پی جی پر موٹر سائیکل چلانا خطرناک ہے۔
اس سے قبل نگران وفاقی حکومت نے عوام کو یکم اکتوبر سے پیٹرول سستا ہونے کی امید دلائی تھی۔
کراچی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر صنعت گوہر اعجاز نے بتایا کہ کرنسی مستحکم ہوئی ہے تو اس کے نتائج بھی اچھے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا غیر قانونی طور پر باہر ڈالر بھیجنے والوں کو روکنے سے بہتری آئی ہے، ڈالر کی قدر کم ہونے سے عوام کو ریلیف ملے گا، انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کم ہوئی ہے، اقدامات کی وجہ سے کرنسی اپنی جگہ پر آگئی ہے، امید ہے پہلی تاریخ کو پیٹرول کی قیمتوں پر خوشخبری آئے گی۔