بجلی کے بلوں میں لگائے گئے تمام اضافی ٹیکسز کو فی الفور ختم کی جائے (صدر، حماد پونا والا)

بجلی کے بلوں میں لگائے گئے تمام اضافی ٹیکسز کو فی الفور ختم کی جائے (صدر، حماد پونا والا)

تاجر برادری کو مجبور نہ کیا جائے کہ ہم کے الیکٹرک کے خلاف سڑکوں پر نکلیں (صدر، حماد پونا والا)

کراچی (پ ر) آل سٹی تاجر اتحاد رجسٹرڈ کے صدر حماد پوناوالا نے پوری تاجر برادی کی جانب سے بجلی کے بلوں میں لگائے گئے تمام اضافی ٹیکسز کو فی الفور ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آل سٹی تاجر اتحاد رجسٹرڈ کے تمام ڈسٹرکٹ کے صدور، ممبران سپریم کونسل اور دیگر منسلک تمام مارکیٹوں کے صدور و عہدیداران کے مابین اس سنگین مسئلے پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس میں تمام تاجر برادری نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ہوش ربا اضافہ غریب عوام کے ساتھ سراسر ذیادتی ہے۔ اس وقت موجودہ معاشی حالات بد سے بدتر ہوچکے ہیں جبکہ مسلسل ٹیکسز میں اضافے، خام مال کی عدم دستیابی، ڈالر کی اونچی اڑان اور سیاسی لیڈران کی اپنے صوبے اور ملک سے غیر سنجیدگی کی وجہ سے تاجر پریشان حال عوام کی فریاد سننے والا کوئی نہیں۔ نارمل گھروں میں بجلی کے بل 60 سے 70 ہزار روپے بھیجے جارہے ہیں جبکہ چھوٹی دکانوں کے بل 20 سے 25 ہزار روپے بھیجے جارہے ہیں۔ نوکری پیشہ طبقہ اس مہنگائی میں اپنے گھر کا گزارا بمشکل کرپا رہا ہے۔ 25000 ماہانہ کمانے والے نوکری پیشہ کے گھر کا بل 15 سے 20 ہزار آجائے وہ کہاں سے ادا کریگا۔ حکومت کو چاہئے کہ ہوش کے ناخن لیں۔ لہذا پوری تاجر برادری کا مطالبہ ہے کہ بجلی کے بلوں سے تمام ٹیکسز فی الفور ختم کیئے جائیں اور کے الیکٹرک کی نجی کمپنی کے معاہدے کو ختم کرکے کراچی کیلئے بجلی کی ایک سے زائد کمپنیوں سے معاہدہ کیا جائے۔ حکومت کو چاہئے کہ توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے سولر پینلز کی تنصیبات کو فروغ دیا جائے ناکہ بجلی کی قیمتوں میں سلیب ریٹ کا فراڈ کیا جائے۔ سرکاری اداروں میں ایئرکنڈیشنڈ کے استعمال کو محدود کیا جائے۔ اشرافیہ سمیت ہر سطح پر مفت بجلی اور پیٹرول کی سہولت ختم کی جائے۔ حماد پونا والا نے کہا کہ تاجر برادری کو اس قدر مجبور نہ کیا جائے کہ پوری تاجر برادری کے الیکٹرک کے خلاف سڑکوں پر آجائے۔

جاری کردہ
آل سٹی تاجر اتحاد رجسٹرڈ

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *