سرکاری حج اسکیم، حکومت کا فی کس 97 ہزار روپے واپس کرنیکا اعلان
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا ہے کہ سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والوں کو 12 ارب روپے واپس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے تحت ہر حاجی کو 97 ہزار روپے کی واپسی پیر سے شروع ہو جائے گی۔
انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منیٰ میں جگہ نہ ملنے اور ٹرین کی سہولت سے مستفید نہ ہونے والے 22 ہزار 600 حاجیوں کو 21 ہزار روپے فی کس کے حساب سے واپس کیے جائیں گے، اسی طرح مدینہ میں مرکزیہ سے باہر رہائش اختیار کرنے والے 18 ہزار حجاج کو 14 ہزار روپے فی کس کے حساب سے اضافی رقم واپس کی جائے گی۔