آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں سجائی گئی کورین میوزیکل ایوننگ۔۔ ”ENSEMBLE SU“ میوزیکل پروگرام میں پاک کورین موسیقاروں کی مشترکہ پرفارمنسسز ۔۔
پاکستان کے ساتھ ثقافتی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے، قونصل جنرل کوریا Yi Sungho
آرٹس کونسل کراچی فن وثقافت کا بڑا ادارہ بن چکا ہے، کمشنر کراچی محمدا قبال میمن
آرٹ کی کوئی حد نہیں ہوتی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آرٹس کونسل دانیال عمر
کراچی () آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور کوریا سفارتخانہ کراچی کے زیر اہتمام کورین فیوژن میوزک کانسرٹ ”ENSEMBLE SU“ کا انعقادکیاگیا جس میں کوریا کے قونصل جنرل Yi Sungho، کمشنر کراچی محمد اقبال میمن، مرزا اختیار بیگ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر آرٹس کونسل دانیال عمر کے علاوہ شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، کانسرٹ میں کوریا کی روایتی و جدید موسیقی پیش کی گئی۔۔جسے کورین فنکاروں نے زبردست طریقے سے پرفارم کیا ۔ جبکہ پاکستان کی معروف گلوکارہ نتاشہ بیگ نے کورین موسیقاروں کے ہمراہ اپنی آواز کا جادو جگایا، قونصل جنرل کوریاYi Sunghoنے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ثقافتی پروگرامز کا تبادلہ اچھی روایت ہے اس سے دونوں ملکوں کی ثقافت کو فروغ ملے گا، پاکستان اور کوریا کا کلچر بہت مختلف ہے ، ثقافتی رشتے کو مزید مضبوط بنائیں گے، انہوں نے کہاکہ میرے لیے یہ لمحہ قابل فخر ہے کہ آج کورین گروپ ”ENSEMBLE SU“ پاکستانی گلوکارہ نتاشہ بیگ کے ساتھ پرفارم کررہا ہے، میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس سال بھی بھرپور تعاون کیا۔ کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہاکہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی فن وثقافت کا بہت بڑا ادارہ بن چکا ہے جس پر ہمیں فخر ہے ،صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی کاوشیں رنگ لارہی ہیں ، پاکستان کی ثقافت پوری دنیا میں پہچانی جارہی ہے۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر آرٹس کونسل دانیال عمر نے کہاکہ پاکستان اور کوریا کے درمیان ہونے والے ثقافتی پروگرامز کے ذریعے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لایا جاسکتا ہے، مجھے امید ہے کہ یہ ثقافتی پروگرام پاکستان اور کوریا کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور فن و ثقافت کے میدان میں نئی راہیں ہموار کرے گا، انہوں نے کہاکہ آرٹ کی کوئی حد نہیں ہوتی، اس طرح کے پروگراموں سے دونوں ممالک کے فنکاروں کو بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا، ڈائریکٹر آرٹس کونسل دانیال عمر نے کوریا کے قونصل جنرل Yi Sungho اور کوریا گروپ ”ENSEMBLE SU“کے فنکاروں کو گلدستہ پیش کیا۔