پاکستان کے قرض پروگرام کی جلد بحالی کی کوششیں جاری ہیں : آئی ایم ایف

پاکستان کے قرض پروگرام کی جلد بحالی کی کوششیں جاری ہیں : آئی ایم ایف

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے مشن چیف برائے پاکستان ناتھن پورٹر کا کہنا ہے کہ قرض پروگرام کی جلد بحالی کیلئے کوششیں جاری ہیں،گزشتہ چند روز میں پاکستان نے قرض پروگرام کی بحالی کی کوششیں کی ہیں اور  پاکستان نے آئی ایم ایف شرائط کے مطابق اقدامات کیے ہیں۔

آئی ایم ایف مشن چیف ناتھن پورٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے سپورٹ کردہ پروگرام کے مطابق فیصلہ کن اقدامات کیے ہیں، پاکستان کی طرف سے کیے جانیوالے اقدامات میں بجٹ کا پاس ہونا بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ نئے بجٹ میں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کیلئے اقدامات کیے گئے، نئے بجٹ میں ترقیاتی اور سماجی شعبے کیلئے فنڈز  بڑھائےگئے ہیں، فارن ایکسچینج کی بہتر کارکردگی کیلئے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کو کم کرنے کیلئے پالیسی ریٹ سخت کیا گیا ہے۔

ناتھن پورٹر نے کہا کہ ادائیگیوں کے توازن کی بہتری کیلئے بھی بجٹ میں اقدامات کیے گئے ہیں ۔ پاکستانی حکام کے ساتھ جلد معاہدے پر  پہنچنے اور مالی امداد فراہم کرنے کیلئے مذاکرات جاری ہیں۔

وزيراعظم کا چند روز میں ایم ڈی آئی ایم ایف سے چوتھا رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف پُرامید ہیں کہ آئی ایم ایف سے معاہدے پر ایک دو دن میں فیصلہ ہوجائے گا ، وزيراعظم نے چند روز میں ایم ڈی آئی ایم ایف سے چوتھا رابطہ کیا، فرانس میں تین ملاقاتوں کے بعد آج ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی۔

گفتگو میں معاشی صورت حال میں بہتری کے اہداف مشترکہ کوششوں سے حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گيا۔

وزير اعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے نکات پر ہم آہنگی ایک دو دن میں آئی ایم ایف کے فیصلے کی شکل اختیار کرے گی۔

ایم ڈی آئی ایم ایف نے کہا پاکستان کی معاشی صورتِ حال میں بہتری چاہتے ہیں ، کرسٹالینا جارجیوا نے وزیر اعظم شہباز شریف کے قائدانہ عزم کو بھی سراہا۔

Share

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *