مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے خودکشی کی، پستول سے خود کو گولی ماری: پولیس
ریجنل پولیس افسر (آر پی او) ملتان کیپٹن (ر) سہیل چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے خودکشی کی ہے، ڈی پی او نے خودکشی کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی ہے۔
آر پی او ملتان کے مطابق عاصم جمیل نفسیاتی مریض تھے اور کئی سال سے ادویات لے رہے تھے، انہوں نے 30 بور کے پستول سے اپنے آپ کو گولی ماری۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عاصم جمیل نے اپنے ملازم عمران سے پستول منگوایا، چھاتی کی جانب پستول کیا تو عمران نے ایسا کرنے سے منع کیا۔
پولیس کے مطابق عاصم جمیل نے پسند کی شادی کی تھی اوربعد میں طلاق ہوگئی تھی۔
واضح رہے کہ مولانا طارق جمیل کے ایکس اکاؤنٹ پر بیٹے کے انتقال کی تصدیق کی گئی تھی۔
ایکس پر کی گئی پوسٹ میں مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ آج تلمبہ میں میرے بیٹے عاصم جمیل کا انتقال ہوگیا ہے، اس حادثاتی موت نے ماحول کو سوگوار بنا دیا۔
مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ آپ سب سے گزارش ہےکہ اس غم کے موقع پر ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں، اللہ میرے فرزند کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔