نگران وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ کی نگران وزیرِ ثقافت جنید علی شاہ کے ساتھ آرکائیو کمپلیکس میں پریس کانفرنس
کسی کو عوامی مفاد میں بنائی گئی اسکیموں میں مداخلت نہیں کرنے دیں گے،صوبائی وزیر اطلاعات محمد احمد شاہ
کراچی (Indus Icon) نگراں صوبائی وزیر اطلاعات، اقلیتی امور ، سماجی تحفظ و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اور نگراں صوبائی وزیر ثقافت جنید علی شاہ کی جانب سے آرکائیو کمپلیکس میں مشترکہ پریس کانفرنس کا انعقاد کیاگیا، جس میں نگراں صوبائی وزیر اطلاعات، اقلیتی امور ، سماجی تحفظ و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے پریس کانفرنس میں کہاکہ ایک تاثر تھا کہ وزراء اپنی کارکردگی نہیں بتا پاتے آج کی پریس کانفرنس اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، انہوں نے کہاکہ عوامی مفاد میں بنائی گئی اسکیموں میں مداخلت نہیں کرنے دیں گے، ہمارا کام عوام کو سہولیات مہیا کرنا ہے، ہم کم وقت میں زیادہ کام کرنے کا عزم رکھتے ہیں، انہوں نے کہاکہ الزامات تو ہمیشہ لگتے رہتے ہیں مگر ہمیں گھبرانا نہیں چاہیے ،
وزراءاپنی کارکردگی کے خود جوابدہ ہوں گے، انہوں نے کہاکہ کلچر دل کے سب سے زیادہ قریب ہے، میں چاہتا ہوں جس کے دل میں جو بھی سوال ہے وہ وزراءسے کرسکتا ہے، میوزک ٹیچرز پر سندھ ہائی کورٹ کا اسٹے ہے وزیرقانون سے بات چیت چل رہی ہے جلد اسٹے ہٹ جائے گا، وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق الیکشن آٹھ فروری کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن کا کام الیکشن کرانا ہوتا ہے، بیس پچیس سال سے ہم دیکھ رہے ہیں جب الیکشن قریب ہوتے ہیں تو گہماگہمی ہوتی ہے، الزامات بھی لگتے ہیں اور سیاسی دباﺅ بھی بڑھتا ہے، میڈیا سے ہماری زندگی کا تعلق ہے، ہم میڈیا کو فیس کرنے سے نہیں گھبرائیں گے، جنید علی شاہ منجھے ہوئے کھلاڑی ہیں امید ہے معیار پر پورا اتریں گے، پریس کانفرنس سے نگران صوبائی وزیرِ ثقافت، نوادرات، آرکائیوز ، کھیل و امور نوجوانان سید جنید علی شاہ نے کہا کہ محکمہ ثقافت سندھ صوبے کے عظیم صوفیائے کرام کے عرس پر موقع کی مناسبت سے انتظامات کرتا ہے ،اس سال بھی حضرت شاہ عبد الطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر بھٹ شاہ میلے اور ملاکھڑو کے شاندار انتظامات کئے گئے۔صوبے کے مقامی دستکار اپنی بنائی ہوئی اشیاءفروخت کرنے کے لئے سال بھر میلوں کے انعقاد کا انتظار کرتے ہیں ، محکمہ ثقافت نے صوبے کے دستکاروں کی تخلیقات کی فروخت کے لیے آرکائیوز کمپلیکس کلفٹن میں مارٹ تعمیر کردیا ہے جہاں ہفتے کے تمام ایام میں دستکار بغیر کسی فیس کے اپنی اشیاءفروخت کے لیے رکھ سکیں گے تاکہ ان کو اپنی محنت کا مناسب معاوضہ مل سکے اور کوئی دوسرا ان کے حق کو سلب نہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے مارٹ اور سیلز آو¿ٹ لیٹس صوبے کی آرٹس کونسلوں اور دیگر مقامات پر بھی بنائے جائیں گے۔ سندھ حکومت نے اسلام آباد کے لوک ورثہ میں سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے شاندار میلے کا انعقاد کیا۔ سید جنید علی شاہ نے کہا کہ محکمہ کھیل نے صوبے بھر کی اسپورٹس ایسوسی ایشنز کی جانچ کے لئے ویٹنگ کمیٹیز تشکیل دی ہیں تاکہ جو ایسوسی ایشن فعال ہیں ان کی اور جو فعال نہیں ہیں ان کی شناخت کی جاسکے۔محکمہ کھیل صوبے کے میدانوں کا انتظام ایسی ایسوسی ایشنز کے حوالے کرنا چاہتا ہے جو ان میدانوں میں مناسب دیکھ بھال کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ لیاقت نیشنل لائبریری سے ملحقہ ابرہیم جویو آڈیٹوریم کے ساتھ سی ایس ایس کے طالب علموں کے لیے ہال تعمیر کیا گیا ہے۔فوک اسٹوڈیو جو ٹوٹ گیا تھا اسے دوبارہ تعمیر کردیا گیا ہے اور اگلے ماہ اس کا افتتاح ہے۔انہوں نے بتایا کہ محکمہ ثقافت کے رولز آف بزنس تشکیل دیے جا چکے ہیں جبکہ محکمہ کھیل کے رولز آف بزنس کی تشکیل کا کام جاری ہے، محکمہ ثقافت اور کھیل کی انڈومنٹ کمیٹیوں کو فعال کیا جارہا ہے تاکہ سینئر اور کسی بھی پریشانی سے دوچار فنکاروں ، تخلیق کاروں اور کھلاڑیوں کی مدد انڈومنٹ فنڈ کی رقم سے کی جاسکے، صوبے کے سیاحتی مقامات کی سائٹس بنادی گئی ہیں تاکہ لوگ سندھ کی ٹورسٹ سائٹس کے بارے میں معلومات حاصل کرسکیں، انہوں نے بتایا کہ ہاکی فیڈریشن پاکستان کی گرانٹ اس لیے روکی ہے تاکہ یہ فنڈ سندھ کی مقامی ہاکی ایسوسی ایشنز کو دے کر مقامی ہاکی کو فروغ دیا جاسکے، دریائے سندھ میں سیلاب کے پانی کی راستوں کی نیچرل واٹر وے میپنگ کرادی گئی ہے جس سے سیلابی پانی کے بہاو¿ سے متاثرہ راستوں کی نشاندھی ہوسکے گی اور پیشگی حفاظتی انتظامات میں مدد ملے گی، سینٹرل پولیس آفس میں ڈاکٹر محمد علی شاہ جم کی تزئین و آرائش کی جائے گی، کراچی سینٹرل جیل میں جم ایک ہفتے میں مکمل ہوجائے گا، سندھ حکومت کو بھی صوبے کے فنکاروں اور مشاہیر کیلئے ایوارڈز کا اعلان کرنا چاہیے تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کوچنگ سینٹر اور نیشنل میوزیم آف پاکستان کو سندھ حکومت کی تحویل میں لینے کے لئے کام کررہے ہیں، ٹھٹھہ کی شاہجہانی مسجد اور حیدرآباد میں حسن علی آفندی کے مزارات کی تزئین و آرائش کی جائے گی تاکہ اس ورثہ کو سنبھالا جاسکے۔