صوبائی وزیر اطلاعات، اقلیتی امور اور سماجی تحفظ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کا کراچی پریس کلب کا دورہ
صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ، محمد احمد شاہ
میڈیا ہاوسز میں ذمہ داروں سے ملاقات کر کے ورکنگ صحافیوں کے مسائل پر بات کروں گا، صوبائی وزیر اطلاعات
کراچی (indus icon ) صوبائی وزیر اطلاعات سندھ محمد احمد شاہ نے کہا کہ کراچی پریس کلب دنیا کے منفرد پریس کلب میں سے ایک ہے اس نے ہر دور میں طاغوتی قوتوں کے ساتھ جواں مردی سے مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو وزیر اطلاعات کے پی اے سے ملاقات کا وقت نہیں لینا پڑے گا۔ میرا تعلق کراچی پریس کلب سے پرانا ہے جب فرصت ملتی ہے اسی کلب میں بیٹھتا ہوں اور اب بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت کا حلف اٹھانے کے بعد اپنے پہلے دورہ کراچی پریس کلب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل پریس کلب کے سیکرٹری شعیب احمد خان اور صدر نے خطاب کیا اور کہا کہ احمد شاہ کا کراچی پریس کلب سے پرانا تعلق ہے اور وقت کے ساتھ اس تعلق میں مضبوطی آئی، احمد شاہ نے کہا کہ پریس کلب کے ممبران کے صحافیوں کے پلاٹوں کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری منصوبوں پر کام تیز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی حکومت پر تنقید پر ناراض نہیں ہونا چائے، میڈیا رہنمائی مہیا کرتا اور غلطیوں کی نشاندہی کرتا ہے۔ ان کی نشاندہی پر غلطیوں کو درست کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی اجمل خٹک سمیت بیمار صحافیوں کے علاج کے لیے اقدامات کئے جائیں گے وزیراعلی سے درخواست کی جائے گی کہ صحافیوں کے مسائل پر ترجیح دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پریس کلب میرا مرکز ہو گا اور صحافتی دوستوں کی مشاورت سے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لیے ورکشاپ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ میں میڈیا ہاوسز میں ذمہ داروں سے ملاقات کر کے ورکنگ صحافیوں کے مسائل پر بات کروں گا۔ مجھے بتایا گیا کہ حکومت سندھ کی طرف بقایاجات ہیں ان کی ادائیگی اس بات سے مشروط ہو گی کہ وہ صحافیوں کے بقایاجات ادا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کی تربیت کے لیے آرٹس کونسل میں ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا ۔